اسرائیلی نائب وزیر خارجہ شارن ہاسکل نے جمعرات کے روز کہا کہ غزہ کے لیے ایک غیر اسرائیلی پرامن سول انتظامیہ اسرائیلی حکومت کے جنگ کے خاتمے کے پانچ اہم اصولوں میں شامل ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شارن ہاسکل نے بتایا کہ دیگر اصولوں میں غزہ میں اب بھی یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی، حماس کی جانب سے ہتھیار ڈالنا، غزہ کا مکمل طور پر غیر فوجی علاقہ بنانا اور اسرائیل کا سکیورٹی پر مکمل کنٹرول برقرار رکھنا شامل ہیں۔
ادھر یورپی یونین نے جمعرات کو کہا کہ وہ اسرائیل اور غزہ کے درمیان کسی بھی ایسے علاقائی تبدیلی کو مسترد کرتی ہے جو کسی سیاسی معاہدے کا حصہ نہ ہو۔ یورپی کمیشن کے ترجمان نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں یہ بات کہی۔
دوسری جانب، دو اسرائیلی حکام نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا قطر کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ غزہ میں امن مذاکرات کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔