بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا کے خلاف کروڑوں کی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق جوڑے پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے ممبئی کی ایک کاروباری شخصیت کے ساتھ 60 کروڑ سے زائد روپے کا فراڈ کیا ہے۔
ممبئی سے تعلق رکھنے والے بزنس مین دیپک کوٹھاری کا کہنا ہے کہ انہوں نے 2015 اور 2023 کے دوران انہوں نے ایک پرائیویٹ ٹی وی کی ڈیل کے تحت 60 کروڑ 48 لاکھ روپے دیے، جس کا مقصد کاروبار کو بڑھانا تھا تاہم انہوں نے ان کو اپنے ذاتی اخراجات میں ضمن میں خرچ کیا۔
مزید پڑھیں
-
شلپا شیٹی کے نام 38 کروڑ روپے کی جائیداد منتقلNode ID: 641711
-
اداکارہ شلپا شیٹی نے اپنے شوہر کو چپل کیوں ماری؟Node ID: 804691
دیپک کوٹھاری کا دعویٰ ہے کہ 2015 میں ایک ایجنٹ راجیش آریا کے توسط سے ان کا شلپا شیٹی سے رابطہ ہوا اور اس وقت اداکارہ اور ان کے شوہر بیسٹ ڈیل ٹی وی کے لیے ڈائریکٹرز کے طور پر کام کر رہے تھے۔
یہ ایک آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم تھا اور اس وقت اس کے 87 فیصد سے زائد شیئرز اداکارہ کے پاس تھے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ راجیش آریا نے کمپنی کے لیے 12 فیصد سالانہ سود پر 75 کروڑ روپے کا قرض طلب کیا تھا، لیکن زیادہ ٹیکس سے بچنے کے لیے انہوں نے اس رقم کو ’سرمایہ کاری‘ کے طور پر استعمال کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
ان کے مطابق ’اس کے بعد میٹنگ ہوئی اور معاہدہ اس وعدے کے ساتھ طے پایا کہ رقم وقت پر واپس کر دی جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 31 اعشاریہ 95 کروڑ کی پہلی قسط اپریل 2015 میں جاری کی لیکن ٹیکس کا معاملہ برقرار رہا جبکہ دوسری ڈیل پر ستمبر میں دستخط ہوئے۔
دیپک کوٹھاری کے بقول انہو نے جولائی 2015 سے مارچ 2016 کے دوران مزید 28 اعشاریہ 54 کروڑ روپے منتقل کیے جبکہ تین اعشاریہ 19 لاکھ روپے سٹیمپ ڈیوٹی کے طور پر ادا کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپریل 2016 میں شلپا شیٹی نے ذاتی طور پر رقم کی واپسی کی ضمانت دی تھی تاہم بعدازاں ستمبر میں انہوں نے کمپنی کی ڈائریکٹر شپ سے استعفیٰ دے دیا۔
اس کے کچھ ہی عرصے بعد ہی کمپنی کے دیوالیہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا جس کے بارے میں دیپک کوٹھاری کو علم نہیں تھا۔
اس کے بعد انہوں نے جوڑے سے بار بار اپنی رقم واپس کرنے کی درخواستیں کیں، مگر ان پر کان نہیں دھرا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جوڑے نے سازش کے تحت پیسے ہتھیائے۔
ان کی جانب سے ابتدائی طور پر جوہو پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کرائی گئی تھی، جسے بعدازاں اکنامک آفینسیو ونگ کے حوالے کر دیا گیا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ نے کیس کو بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔