Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہرت یافتہ سابق کرکٹر سلیم ملک کی سیاست میں انٹری

لاہور: سابق قومی کرکٹر سلیم ملک نے بھی سیاست کے میدان میں قدم رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔سلیم ملک نے لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی اور ان کی جماعت میں شامل ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ملاقات کے دوران ق لیگ کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔مسلم لیگ کے ترجمان کے مطابق سلیم ملک نے ق لیگی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی نے سلیم ملک کو خوش آمدید کہا اور امید کا اظہار کیا کہ کرکٹ کی طرح سیاست میں بھی وہ نام پیدا کریں گے۔سلیم ملک کا شمار ایک زمانے میں پاکستان کے باصلاحیت بلے بازوں میں ہوتا تھا۔1982 ءمیں ڈیببو کرنے والے سلیم ملک نے پاکستان کےلئے 103 ٹیسٹ میچوں میں 43.69 اوسط سے 15 سنچریوں اور 29 نصف سنچریوں کی مدد سے 5768 رنز بنائے۔کلائیوں کے استعمال اور بہترین ٹائمنگ کے ذریعے سلیم ملک نے دنیا بھر کے اسپنرز پر حکمرانی کی جبکہ وہ فاسٹ بولرز کے خلاف بھی بہترین بیٹنگ کرتے تھے۔ بعدازاں سلیم ملک پر میچ فکسنگ کا بھی الزام لگا جب سابق کرکٹر راشد لطیف نے 1995 ءکے دورہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے موقع پر پہلی مرتبہ پاکستان کرکٹ میں میچ فکسنگ کا انکشاف کرتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں سلیم ملک اور دیگر پر الزامات عائد کئے تھے۔اسی سال آسٹریلین اسپنر شین وارن، ٹم مے اور مارک وا نے انکشاف کیا تھا کہ سلیم ملک نے 1994ء میں آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے موقع پر انہیں اچھی کارکردگی نہ دکھانے کے عوض رشوت کی پیشکش کی تھی۔ ان الزامات کی بنیاد پر حکومت نے 1998 ءمیں لاہور ہائی کورٹ کے جج ملک قیوم کی سربراہی میں ایک عدالتی کمیشن تشکیل دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا جس نے دو سال بعد تحقیقات کی بنیاد پر سلیم ملک اور ساتھی فاسٹ بولر عطا الرحمان پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی جبکہ 6 کھلاڑیوں وسیم اکرم، وقار یونس، سعید انور، مشتاق احمد، انضمام الحق اور اکرم رضا پر جرمانہ بھی عائد ہوا تھا تاہم 2003 ءمیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک کمیشن نے عطا الرحمان پر لگی پابندی کو ختم کردیا تھا۔سلیم ملک پر لگی پابندی بھی 2008 میں لاہور کی شہری عدالت نے ختم کر دی تھی جبکہ بعدازاں پی سی بی نے بھی اس فیصلے کی توثیق کردی تھی۔

شیئر: