گوگل کا فون 'پکسل 10 اے' مارکیٹ میں آنے کو تیار، قیمت کیا ہوگی؟
گوگل کا فون 'پکسل 10 اے' مارکیٹ میں آنے کو تیار، قیمت کیا ہوگی؟
جمعہ 6 فروری 2026 13:26
گوگل کا کم قیمت سمارٹ فون ’پکسل 10 اے‘ رواں ماہ ہی مارکیٹ میں آ رہا ہے جس کی تصدیق خود گوگل نے بھی کر دی ہے۔
امریکی ویب سائٹس سی نیٹ کے مطابق فون کا ڈیزائن پچھلے ماڈل پکسل 9 اے سے کافی ملتا جلتا ہے اور اس میں کیمرے کا بَمپ نہیں ہے، جس سے فون کا پچھلا حصہ ہموار اور صاف نظر آتا ہے اس لیے میز یا کسی بھی سطح پر رکھا جا سکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ فون 18 فروری کو لانچ ہو رہا ہے۔ جبکہ ویڈیو میں فون کو نیلے رنگ اور میٹل فریم کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پکسل 10 اے 18 فروری 2026 سے پری آرڈر کے لیے دستیاب ہو گا۔
اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ پچھلے ماڈل کے مقابلے میں ایک مہینہ پہلے لانچ ہو رہا ہے جبکہ پکسل 9 اے مارچ میں ریلیز ہوا تھا۔
فون کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس میں اس کے بارے میں تمام تفصیلات نہیں بتائی گئیں، تاہم جو معلومات سامنے آئی ہیں ان کے حساب سے پکسل 10 اے ممکنہ طور پر چار رنگوں میں دستیاب ہوگا۔ جن میں کالا، ہلکا جامنی، سرخی مائل گلابی اور سلیٹی رنگ شامل ہیں۔
نئے فون میں بھی پچھلے ماڈل کی طرح کی فور چپ سیٹ لگایا گیا ہے۔
فون میں 6.3 انچ 120 ہرٹز ایمولیڈ ڈسپلے اور 5100 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی جو 23 واٹ فاسٹ چارجنگ کو سپورٹ کرے گی۔
اسی طرح پکسل 10 اے کا زیادہ تر ڈیزائن اور فیچرز زیادہ تر پکسل 9 اے جیسے ہی ہیں اور کم قیمت کی وجہہ بھی یہی بتائی جا رہی ہے۔
اس کی متوقع قیمت تقریباً 500 امریکی ڈالر ہوگی، جو پچھلی پکسل اے سیریز کی قیمت کے مطابق ہے۔ یہ فون ان صارفین کے لیے بہترین ہے جو کم قیمت میں ایک اعلیٰ معیار اور جدید فیچرز چاہتے ہیں۔
گوگل کا یہ بجٹ فون مڈ رینج مارکیٹ میں کمپنی کے لیے ایک اہم قدم ہے، اور اس کا ڈیزائن پچھلے ماڈل کی طرح سادہ اور جدید نظر آتا ہے۔ لیکس اور ٹیزر کے مطابق فون کی کیمرہ سیٹنگ ہموار ہے اور رنگوں کا انتخاب صارفین کو خاص طور پر پسند آئے گا۔