Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال ٹیسٹ:سری لنکا291پر آوٹ، ہند کی 498 رنزکی مجموعی برتری

گال:سری لنکا اور ہند کے درمیان گال میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سری لنکن ٹیم ہند کے600رنزکے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 291رنز پر آوٹ ہو کر فالو آن سے دوچار ہوگئی تاہم ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے میزبان ٹیم کو فالو آن کرنے کے بجائے دوسری اننگز شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ہندوستانی ٹیم نے 309رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 3وکٹوں کے نقصان پر189رنز بناتے ہوئے مجموعی طور پر498رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ اس کی7وکٹیں ابھی باقی ہیں۔بارش کی وجہ سے تیسرے دن کا کھیل متاثر ہوا اور اضافی وقت کے کھیل ا ختتام کو پہنچا تو ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی76رنز پر کھیل رہے تھے اوپنر ابھینو مکند آوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جو کیریئر کی بہترین اننگز کھیل کر81رنز بنا کر لوٹے۔ سری لنکن ٹیم نے کھیل کے تیسرے دن پہلی اننگز 154رنز 5کھلاڑی آوٹ پر کھیل کا دوبارہ آغاز کیا اور پوری ٹیم کھانے کے وقفے کے بعدپویلین لوٹ گئی۔دوسرے دن کے اسکور 54رنز پر کھیلنے والے سابق کپتان اینجلو میتھیوز 83رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ پریرا 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے بقیہ بیٹسمینوں میں کپتان رنگانا ہیرتھ 9،نووان پردیپ10 اور لاہیرو کمارا2رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ہند کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے3، محمد شامی نے2اور امیش یادو، ایشون اور پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہند کی جانب سے ایک مرتبہ پھر ابھینو مکند اور شیکھر دھون نے دوسری اننگز کا آغاز کیا ۔ ہندوستان اوپنرز ٹیم کو 19رنز کا آغاز فراہم کرسکے ۔ آوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین شیکھر دھون تھے جنھیں پریرا نے14کے انفرادی اسکور پر آوٹ کیا ۔پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے دوسرے بیٹسمین چتیشواڑ پجارا بھی جلد آوٹ ہو گئے ان کی وکٹ کمارا کے حصے میں آئی پجارا نے 15رنز بنائے ۔ان کے آوٹ ہوتے ہی بارش شروع ہو گئی جس کے باعث کھیل روک دیا گیا ۔ اسی دوران چائے کا وقفہ بھی ہوا اور وقفے کے بعد بھی بارش کی وجہ سے وقت ضائع ہوا۔موسم صاف ہو نے پر کھیل دوبارہ شروع ہوا اور کپتان ویرات کوہلی نے مکند کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 133رنز کا اضافہ کرتے ہوئے نہ صرف برتری کو 498 رنز تک پہنچایا بلکہ سری لنکن ٹیم کی مشکلات بھی بڑھادیں اب یہ میچ بچانا سری لنکا کے لئے مشکل نظر آتاہے ابھینو مکند کے آوٹ ہوتے ہی امپائر ز نے کھیل کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ 

شیئر: