ورلڈ ڈیفنس شو 2026: ریاض ایئرپورٹ پر مسافروں کے پاسپورٹ پر خصوصی مہر
ورلڈ ڈیفنس شو 2026 12 فروری تک جاری رہے گا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس ’جوازات‘ نے ریاض میں ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کے تیسرے ایڈیشن کے موقع پر خصوصی امیگریشن سٹیمپ کا اجرا کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ اور ملھم میں واقع ایگزیبیشن ایئرپورٹ کے ذریعے آنے والے مسافروں کے پاسپورٹ پر خصوصی مہر لگائی جا رہی ہے۔

ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کا آغاز اتوار 8 فروری سے ہوا ہے جو 12 فروری تک جاری رہے گا۔
ڈیفنس شو کا مقصد مملکت کے وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق 50 فیصد سے زیادہ عسکری اخراجات کی لوکلائزیشن کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ بھی ورلڈ ڈیفنس شو میں سیف سٹیز، سرحدوں کے تحفظ، فیلڈ آپریشنز میں اضافے، ماحولیات کے تحفظ، ملٹری انڈسٹری کی لوکلائزیشن میں تعاون، انٹرنل سکیورٹی سسٹم اور مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اپنی کوششوں کو اجاگر کر رہی ہے۔
