ماہ رمضان میں زائرین کو فراہم کی جانے والی صحت خدمات کا جائزہ
سعودی وزیر صحت نے مدینہ منورہ ریجن کے ہسپتالوں کا دورہ کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت فہد عبدالرحمن الجلاجل نے استقبال رمضان پروگرام کے تحت مدینہ منورہ ریجن کے ہسپتالوں کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی خدمات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیرصحت نے حج وعمرہ نگران کمیٹی برائے ریجنل صحت کے اراکین کے ساتھ ملاقات کی۔
انہوں نے صحت پروگرام کے حوالے سے ماہ رمضان کے دوران زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ بھی لیا۔
اس موقع پر وزیر صحت ریجن کے ہسپتالوں اور طبی مراکز میں فراہم کی جانے والی خدمات اور ترقیاتی امور کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
وزیر صحت نے طبی اداروں کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جن میں انتہائی نگہداشت یونٹس، ہنگامی سروسز و دیگر یونٹس شامل تھے۔
مدینہ منورہ میں 198 صحت ادارے موجود ہیں جن کے ذریعے 2.1 ملین سے زائد افراد کو اعلی معیار کی طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

خیال رہے ماہ رمضان کی آمد کے حوالے سے ریجن کے طبی اداروں میں خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد زائرین اور عام افراد کو بروقت طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ امور صحت کے اداروں میں اضافی عملہ بھی تعینات کیا جاتا ہے۔
