Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اغوا کا انوکھا واقعہ

بھوپال- - - - - ریاست مدھیہ پردیش میں اغوا کے بدلے اغوا کرنے کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔ ریاست میں ایک ڈاکو نے سماج وادی پارٹی کے لیڈر کے بیٹے کا اغوا کرلیا اور اس کی رہائی کیلئے لیڈر سے 50 لاکھ روپے کا تاوان طلب کیاہے جس کے نتیجے میں سماجوادی لیڈر نے بھی وہی راستہ اختیار کیا اور اپنے رشتہ داروں کی مدد سے ڈاکو کے والدین کا اغوا کرلیا۔ یہ واقعہ ریاست کے ضلع ستنا میں پیش آیا جہاں سماج وادی لیڈر سنتو سنگھ کے بیٹے کو ڈاکو ببلی کول نے اغوا کرلیا تھا۔ سنتوسنگھ نے حالانکہ اسکے والدین کے اغوا کے الزام کی تردید کردی ہے لیکن مقامی خبروں کے مطابق ڈاکو ببلی کول کے والدین کو سنتو سنگھ کے ذریعے ہی اٹھوایا گیاہے اور 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیدیاگیاہے۔ میڈیا کے مطابق سماج وادی لیڈر نے کہا کہ 24 گھنٹے کا الٹی میٹم پولیس، انتظامیہ اور ڈاکو تینوں کو دیدیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ روپے کا تاوان ڈاکو نے طلب کیا ہے جس کیلئے وہ اپنے بیٹے کی رہائی کیلئے کوشاں ہیں اور یہ کہنا ہے کہ انہوں نے ڈاکو کے والدین کا اغوا کرایا قطعی غلط ہے۔ انہوں نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ ڈاکو کے والدین کو ستنا میں کہیں چھپا دیا گیاہے۔ دونوں فریقین کے درمیان مصالحت کی کوششیں ہورہی ہیں ۔ ڈاکو کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اگر اس نے سنتوسنگھ کے بیٹے وجے کو بغیر کسی نقصان کے چھوڑ دیا تو اسکے والدین کو بھی رہا کردیا جائیگا۔ سنتو سنگھ کے مطابق 30 جولائی کو وہ اور دیگر 12 افراد چترکورٹ سے واپس لوٹ رہے تھے ، جب ریلوے کراسنگ بند ہوگئی تو انہوں نے اپنی گاڑی روک دی ۔ ان کا بیٹا گارڈ کو دیکھنے کیلئے اسکے کیبن میں گیا جہاں 4 بندوق بردار وں نے اسے یرغمال بنالیا۔ یہی نہیں بلکہ بندوق برداروں نے ا ن پر بھی بندوقیں تان لیں اور بیٹے کو وہاں سے لے کر چلے گئے۔ اس کے علاوہ ان کا فون بھی لے گئے اور کچھ دیر بعد ڈاکوؤں کے سرغنہ نے ان سے 50 لاکھ روپے کا تاوان طلب کیا۔

شیئر: