Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ کیریئر ابھی باقی ہے، مصباح اور یونس کی جگہ پر کرسکتا ہوں،سلمان بٹ

لاہور:پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کھلاڑی سلمان بٹ اب بھی قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے پر امید ہیں۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ تجربہ کار اور ریکارڈ ساز بلے باز یونس خان اور مصباح الحق کے ریٹائر ہونے کے بعد وہ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔سلمان بٹ نے یونس خان اور مصباح الحق کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مصباح اور یونس نے ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کے خلاءکو پ±ر کرنا نہایت مشکل ہے لیکن اگر انہیں یہ موقع دیا جاتا ہے تو وہ ٹیم میں ان دونوں کی جگہ پر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کی اصل توجہ اوپننگ پر ہی ہے۔سابق ون ڈے کپتان اظہر علی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اظہر نے بطور اوپنر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن گزشتہ 2 سے 3 سال کے عرصے سے پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں ایک مناسب اوپنر کی ضرورت ہے۔سلمان بٹ نے کہا کہ اظہر علی تیسرے نمبر پر بھی باصلاحیت طریقے سے بلے بازی کر سکتے ہیں۔اپنے کرکٹ مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے 32 سالہ کرکٹر نے کہا کہ ان کی اب بھی 6 سے 7 سال کی کرکٹ باقی ہے اور کرکٹ کیریئر کے بہترین سال ابھی آنے باقی ہیں جس کے لیے وہ اپنی فٹنس حاصل کرنے اور دوبارہ فارم میں آنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔گزشتہ 7 سال کے دوران کرکٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ کرکٹ، صورتحال اور گراونڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیلی جاتی ہے اور وہ اپنے آپ کو اس اعتبار سے تیار کرلیں گے۔پاکستان کی جانب سے 24 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے سلمان بٹ نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل میں کھیلنے کی بہت خواہش ہے، ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد ہی پی ایس ایل کا حصہ ہوں گے۔ سلمان بٹ 33 ٹیسٹ، 78 ایک روزہ میچ اور 24 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ سلمان بٹ 2010 میں دورہ انگلینڈ کے دوران محمد عامر اور محمد آصف کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب پائے گئے تھے جس کے بعد ان پر 10 برس کے لیے کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے تھے۔تاہم 2015 میں انہیں کرکٹ کی عالمی تنظیم اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹ میں واپسی کی اجازت مل گئی۔سلمان بٹ رواں برس ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس کے بعد ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے پر امید تھے تاہم پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ٹیم میں ان کی واپسی پر خدشات کا اظہار کیا گیا لیکن اوپننگ کھلاڑی اب بھی ٹیم میں واپسی کے لیے پر امید ہیں۔ 
 
 

شیئر: