Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار منافقت ہے، ڈین جونز

 
نئی دہلی:سابق آسٹریلین آل راونڈر ڈین جونز نے انٹرنیشنل ٹیموں کی جانب سے دورہ پاکستان سے انکار کو منافقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ سمیت دنیا بھر میں حملے ہو رہے ہیں لیکن ٹیمیں سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر رہی ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ نے ہند میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈین ٹیم اس وقت عالمی نمبر ایک ضرور ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ کرکٹ میں نمبر ایک ٹیم نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان کا سامنا کئے بغیر عالمی نمبر ایک بنی ہے مگر دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دیکھ کر خوشی ہو گی۔یاد رہے کہ روایتی حریف پاکستان اور ہند کے درمیان کشیدہ سیاسی تعلقات کے سبب 2007ءکے بعد سے کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی گئی اور ہند انٹرنیشنل ایونٹس کے علاوہ پاکستان سے کھیلنے کیلئے انکار کرتا رہا ہے۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان کرکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو تین سال کے دوران پاکستان کرکٹ میں کافی بہتری آئی ہے اور وہ پیشہ ورانہ یونٹ بن کر کھیل رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ سے نئے کھلاڑی ملے ہیں اور انہیں صرف اپنا فرسٹ کلاس سسٹم بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر دورہ پاکستان سے انکار کرنے والی ٹیموں کو منافق قرار دیتے ہوئے کہا کہ لندن سمیت یورپ بھر میں دہشت گرد حملے ہوئے ہیں اور کھیلوں کے مقابلے معمول کے مطابق ہو رہے ہیں لیکن ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر رہی ہیں۔ یہ انتہائی منافقت ہے۔2009ءمیں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروزے بند ہیں اور اس دوران زمبابوے کے علاوہ کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔57 سالہ سابق ڈین جونز نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی وکٹوں کے درمیان رننگ کی صلاحیت کم ہوتی جا رہی ہے اور موجودہ دور میں مہندرا سنگھ دھونی واحد کھلاڑی ہیں جو سیدھا دوڑتے ہیں، ہم 80 کی دہائی میں سنگل اور ڈبل پر زیادہ انحصار کرتے تھے لیکن آج کل کھلاڑی صرف بڑے بڑے شاٹس لگانے پر توجہ دیتے ہیں۔
 

شیئر: