دمام گلوبل سٹی میں غیرمعمولی ٹرن آؤٹ، وزیٹرز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے متجاوز
دمام گلوبل سٹی میں وزیٹرز کا غیر معمولی ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔ افتتاح کے بعد مختصر مدت کے دوران وزیٹرز کی تعداد دو لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گلوبل سٹی میں لوگوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ٹکٹوں کی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔
گلوبل سٹی کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’پلیٹ فارم ’وی بک‘ پر ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے یومیہ 25 ہزارسے زیادہ افراد رجوع کرتے ہیں جس سے یہ واضح ہے کہ علاقے کی عوام میں یہ تفریحی سرگرمی کافی مقبول ہے۔‘
گلوبل سٹی میں متنوع پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں جن میں مختلف ملکوں کے باشندے اپنے ملکوں کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے وہاں کی اشیا اور پکوان متعارف کراتے ہیں۔

واضح رہے گلوبل سٹی منصوبے کا مجموعی رقبہ 650 ہزار مربع میٹر ہے جس کا پہلا مرحلہ دو لاکھ 50 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے۔
پہلے مرحلے میں 15 انٹرنیشنل پویلین مکمل ہو چکے جو خلیجی ممالک، ایشیا، یورپ اور افریقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔

دوسرے مرحلے میں بھی انواع و اقسام کے ریستوران کے علاوہ واٹر سٹی اور تفریحی مقامات بنائے جائیں گے۔
جبکہ تیسرا مرحلہ انٹرنیشنل ایگزیبیشنز اور تفریحی پروگراموں کے حوالے سے ہوگا۔
