ریاض میٹرو ریڈ لائن کی توسیع کا اعلان، پانچ نئے سٹیشن بنیں گے
ریاض رائل کمیشن نے ریاض میٹرو کی ریڈ لائن کی توسیع کے ڈیزائن، تعمیر اور تکمیل کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق توسیعی منصوبے کے تحت موجودہ ٹریک میں 8.4 کلو میٹر کا اضافہ کیا جائے گا۔
یہ توسیع کنگ سعود یونیورسٹی سے الدرعیہ ڈیولپمنٹ گیٹ پروجیکٹ تک کی جائے گی اور اس میں پانچ نئے سٹیشن شامل ہوں گے۔
ریڈ لائن کی توسیع دارالحکومت کے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مکمل کرنے، اہم علاقوں، رہائشی کمیونٹیز، تعلیمی، ثقافتی اور صحت مراکز کے درمیان رابطے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ شہری آبادی کو ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔

وزیر مملکت و رکن کابینہ اور ریاض رائل کمیشن کے سی ای او انجینئرابراہیم السطان کا کہنا ہے ریڈ لائن توسیعی منصوبہ شہریوں کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتر و جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مکمل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا’ 2024 کے آخر میں ریاض میٹرو کا آغاز ہوآ اس وقت سے لے کر اب تک 173 ملین افراد اس منصوبے سے مستفیض ہوچکے ہیں جبکہ اس کی طلب میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔‘
’ یہ منصوبہ 7.1 کلو میٹر کا ٹریک زیرزمین سرنگوں پر مشتمل ہوگا جبکہ 1.3 کلو میٹر کا ٹریک سطح زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔‘

اس لائن پر جو سٹیشن بنائے جائیں گے ان میں کنگ سعود یونیورسٹی میں دو جبکہ الدرعیہ میں تین اضافی سٹیشن شامل ہیں جن سے ان علاقوں میں سفر کرنے والوں کو سہولت ہو گی۔ پروجیکٹ کا دورانیہ 6 برس کا ہے۔
منصوبہ مکمل ہونے کے بعد شہر پر ٹریفک کی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی۔ توقع ہے یومیہ 150 ہزار گاڑیاں سڑکوں سے کم ہو جائیں گی جس سے ٹریفک ازدحام کے مسئلے پر بھی کافی حد تک قابو پا لیا جائے گا۔
