سپریم کورٹ کے جج اور جے آئی ٹی کے ارکان کو سلام پیش کرتے ہیں ، سینیئرنائب صدر پی ٹی آئی نارتھ پنجاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی )پاکستان تحریک انصاف نارتھ پنجاب کے سینیئر نائب صدر ، مملکت میںمعروف پاکستانی سرمایہ کار ممتاز کاہلوں نے کہا ہے کہ نواز شریف قوم کو تصادم کی جانب لے جانے سے گریز کریں ۔ عدالت عظمیٰ نے جو فیصلہ دیا ہے وہ تاریخ ساز ہے، اس پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے ۔ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کاہلوںنے مزید کہا کہ سپریم کو رٹ اور اسکے بعد الیکشن کمیشن نے نواز شریف کو پارٹی سربراہ کے طور پر بھی نااہل قرار دے دیامگر وہ ملک کی سب سے بڑی عدالت کے فیصلے کو تسلیم نہیں کررہے ۔ انکا یہ عمل توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ۔ لالہ موسیٰ میں کم سن بچے کا قتل کس کے ذمہ ہو گا ؟ کیا نواز شریف اس کا حساب دے سکیں گے ؟ جس گاڑی کے نیچے کم عمر حامد جاں بحق ہوا تھا اس گاڑی کا ڈرائیور کیا اپنے ضمیر کی عدالت میں کھڑا ہو سکے گا ؟ نواز شریف کے قافلے میں 8 ایمبولینس موجود تھیں مگر کسی نے اس بچے کو ابتدائی طبی ا مداد ینے کی زحمت گوارا نہیں کی ،ایساکیوں ؟ کاہلوں نے مزید کہا ہم جے آئی ٹی کے ممبران کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوںنے کسی دباﺅ اور لالچ میں آئے بغیر قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے ایسے فیصلے دیئے جو تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھے جائیں گے ۔ سپریم کو رٹ کے ججوں کا کردار بھی انتہائی شاندار رہا جنہوں نے وطن عزیز سے بدعنوانی کے خاتمے کےلئے مثالی فیصلے صادر کئے جن کے سبب آج قائد اعظم کا پاکستان اپنی منطقی منزل کی جانب گامزن ہو رہا ہے ۔ہمارے اسلاف نے پاکستان اسلئے حاصل نہیں کیا تھا کہ وہاں چند افراد 20 کروڑ عوام پر بادشاہ بن کر بیٹھ جائیں ۔ قدرت نے پاکستان کو بیش بہا قدرتی خزانوں سے مالا مال کر رکھا ہے مگر چند افراد نے ان قدرتی وسائل پر قبضہ کر کے عوام کو ان سے محروم کر رکھا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کا عزم ہے کہ وطن عزیز سے ہر قسم کی بدعنوانی کا خاتمہ کر کے ملک میں عدل و انصاف کی حکومت قائم کی جائے جس کےلئے ہر محاذ پر کوشش جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کو خوشحال بنا کر عام شہری تک اس کے ثمرات پہنچا سکیں ۔ افواج پاکستان ہمارا سرمایہ ہیں اور ہمارے ملک کی محافظ ہیں ،ہم انہیں بھی سلام پیش کرتے ہیں کہ انہو ںنے وطن عزیز سے دہشتگردوں کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے۔