قصیم میں سکری کھجور کی قیمت کا تعین کیسے ہوتا ہے؟
قصیم میں البکیریہ کھجور مارکیٹ میں سکری کھجور ریجن کے تاجروں اور خریداروں میں سب سے زیادہ مقبول اور پسندیدہ اقسام میں شمار ہوتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس کھجور کی قیمتیں، سائز، اقسام، رنگ، گریڈنگ اور ظاہری شکل کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہیں۔
پیلی اور تھوڑی مڑی ہوئی سکری کھجوریں مارکیٹ کی نمایاں اقسام میں شامل ہیں جو مختلف گریڈز اور سائز میں دستیاب ہیں۔ ان کھجوروں کو بنیادی طور پر تین بڑے گریڈز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
رائل سکری کو اس کے بڑے سائز، مخصوص رنگ اور ہموار چھلکے کی وجہ سے اعلٰی ترین گریڈ سمجھا جاتا ہے۔ معیار کے لحاظ سے اس کی قیمت تقریباً 130 سے 250 ریال کے درمیان ہے۔
درمیانی سکری کھجوریں جو اپنے درمیانے سائز اور معیار کے لیے جانی جاتی ہیں۔ 60 سے 120 ریال تک فروخت کی جاتی ہیں جبکہ عام سکری کھجوریں جن میں اعلٰی گریڈ کی خصوصیات موجود نہیں 30 سے 50 ریال کے درمیان دستیاب ہیں۔

اس کے علاوہ گیلیکسی سکری بھی مختلف گریڈز میں دستیاب ہے جس کی قیمیت 40 سے 250 ریال تک ہوتی ہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ مارکیٹ میں سپلائی، طلب و رسد اور فصل کے معیار پر منحصر ہوتا ہے۔
سکری کھجوروں کی طلب قصیم کے علاقے میں ان کی اہمیت اور مقبولیت کا ثبوت ہے۔

یہ مارکیٹ کسانوں اور تاجروں کے لیے اپنی پیداوار کی مارکیٹنگ، کھجور کے معیار اور اقسام کی نمائش کرنے، خطے کے اندر اور باہر خریداروں تک رسائی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کا کام کرتی ہے۔