Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

63بچوں کی موت---- کسی کیلئے صدمہ کسی کیلئے سیاست

نئی دہلی، گورکھپور۔۔۔۔اترپردیش کے گورکھپورمیں بچوں کی موت پر بڑوں کی سیاست کا بازار گرم ہوگیا ہے اور اس معاملے میں جہاں ایک طرف معاملہ کی سنگینی کو کم کرنے کیلئے حکمراں جماعت پوری قوت لگارہی ہیں وہیں دوسری جانب اپوزیشن نے اس معاملے میں حکومت پر الزام تراشیاں شروع کردی ہیں۔ بابارگھوداس میڈیکل کالج میں بچوں کی ناگہانی موت پر سخت موقف احتیار کرتے ہوئے وہاں کے پرنسپل کو معطل کردیاگیا ہے اور چیف سیکریٹری کی صدارت میں جانچ کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر گورکھپور آئے۔ طبی تعلیم کے وزیر آشوتوش ٹنڈن اور وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ نے تسلیم کیا کہ آکسیجن کی فراہمی میں خلل پیدا ہوگیا تھا لیکن بچوں کی موت کی دیگر اسباب کی بابت معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ابتدائی طور پرپر میڈیکل کالج کے پرنسپل کوواقعہ کا ذمہ دارقراردیتے ہوئے معطل کردیا گیاہے۔چیف سیکریٹری کی صدارت میں تشکیل شدہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر مزید کارروائی کی جائیگی۔یاد رہے کہ 10اگست کی رات ساڑھے 11بجے سے ڈیڑھ بجے تک 2گھنٹے آکسیجن کی فراہمی میں خلل پیدا ہوگیا تھا ۔ذرائع نے بتایا کہ آکسیجن فراہم کرنیوالے ڈیلر نے بتایا کہ آکسیجن کی رقم ادانہیں کی گئی تھی جبکہ اس نے پرنسپل کو خط بھی تحریر کئے تھے جبکہ پرنسپل کا کہنا ہے کہ آکسیجن ڈیلر کے اکاؤنٹ میں رقم 11اگست کو جمع کرادی گئی تھی ۔ طبی تعلیم کے وزیر نے کہا کہ اس واقعہ کی تفتیش اعلیٰ سطح کی کمیٹی کریگی اور اس کی رپورٹ پر متعلقہ افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔گورکھپور کے بابا رگھوداس میڈیکل کالج میں بچوں کی موت کے واقعہ پر وزیر اعظم نریندرمودی کے دفتر کے ٹویٹر پر کہا گیاہے کہ ’’پی ایم مودی گورکھپور واقعہ پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں ۔ وہ مرکز اور ریاستی حکومت کے افسران سے رابطے میں ہیں۔ یاد رہے کہ گورکھپور کے اس افسوسناک واقعہ میں آکسیجن کی کمی سے 63بچوں کی موت ہوگئی تھی۔ وزیرمملکت انوپریا پٹیل اور مرکزی سیکریٹری صحت میڈیکل کالج کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ دریں اثناء گورکھپور میں بی آر ڈی میڈیکل اسپتال میں 63معصوم بچوں کی موت سے پریشان یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔انہوں نے 7اگست سے 11اگست تک بی آر ڈی کالج اسپتال میں ہونیوالی اموات کی تعداد بھی بیان کی اور بتایا کہ 7اگست کو 9اموات ،8اگست کو 12اموات،9اگست کو 9اموات،10اگست کو 23اموات اور11اگست کو 11اموات ہوئیں۔ان معصوم بچوں کی اموات کے ذمہ داروں کیخلاف غیر جانبدرانہ تحقیقات کرائی جائیگی اور قصورواروں کوکسی بھی قیمت پرنہیں بخشا جائیگا۔

شیئر: