Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زائرین کے خیرمقدم کی تیاری‘: مدینہ میں تین نئے ہوٹلوں کا افتتاح

سعودی وزیرسیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے مدینہ منورہ میں تین ہوٹلوں کا افتتاح کیا ہے جن میں ریڈیسن ہوٹل، پیننسولا ورتھ ہوٹل اور دیار عجوہ ہوٹل شامل ہیں۔
ہوٹلوں کا افتتاح مدینہ منورہ میں مہمان نوازی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور زائرین کے استقبال کی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
وزیرِ سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ’ہم مدینہ منورہ میں مزید بین الاقوامی برانڈز متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہیں جس سے ہوٹلنگ کے شعبے میں اعلٰی معیار کی خدمات فراہم ہوں گی اور روزگار کے بھی وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔‘
وزیرِ سیاحت نے ہوٹلوں کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ان ہوٹلوں میں معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ خصوصی افراد کے لیے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہاں آنے والے مہمانوں کو ہوٹلنگ کا ایک آرام دہ اور معیاری تجربہ حاصل ہوگا۔‘
 ہلٹن گروپ کے تحت دیارعجوہ ہوٹل 221، پیننسولا ورتھ ہوٹل 560 جبکہ ریڈیسن ہوٹل 165 کمروں پر مشتمل ہے۔
ٹورزم ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او قصیٰ بن عبداللہ الفاخری نے کہا کہ ’نئے ہوٹلوں سے رہائش کی گنجائش بڑھے گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور مدینہ منورہ میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔‘
 

 

شیئر: