Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین طلاق ختم، سپریم کورٹ کا فیصلہ

نئی دہلی۔۔۔۔تین طلاق پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے ملک بھر میں تین طلاق کو غیر قانونی قراردیا۔ یہ فیصلہ آج سے نافذ العمل ہوگا۔ پانچ رکنی ججو ں پر مشتمل بنچ میں شامل 3ججوں نےطلاق کو غیر قانونی قراردیا۔ سپریم کورٹ نے 6ماہ کیلئے 3طلاق پر پابندی لگا دی ہے۔اس معاملے میں چیف جسٹس نے فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ مرکز اس مسئلہ پر قانون بنائے۔سپریم کورٹ کے کمرہ نمبر1میں اس معاملے پر بحث ہوئی ۔ اس معاملے کی مدعیہ سائرہ بانو بھی فیصلے کے دوران کورٹ میں موجود رہیں۔مسلم پرسنل لا بورڈ اور جمعیت علمائے ہندنے اس مسئلے پر بحث کی مخالفت میں اپنی دلائل پیش کئے۔ اس بنچ میں تمام مذاہب کے جسٹس شامل ہیں جن میں چیف جسٹس جے ایس کھیہر(سکھ) جسٹس کورین جوزف(عیسائی) جسٹس روہنگٹن ایف نریمن(پارسی) جسٹس یویوللت (ہندو) اور جسٹس عبدالنذیر( مسلم) شامل تھے۔ اس مقدمہ میں یہ سوال اٹھایا گیا تھا کہ مسلمانوں میں 3طلاق کے اس طریقہ کار سے صنفی مساوات ، انسانی حقوق یا مسلم خواتین کے وقار و احترام کی خلاف ورزی تو نہیں ہورہی ۔سپریم کورٹ نے اکتوبر2015میں سوال کیا تھا کہ مسلم پرسنل لا کے تحت شادی اور طلاق کے طریقہ کار سے عورت کی حیثیت محض مال و متاع کی حد تک تو نہیں رہ جاتی۔اس بنچ نے از خود ایک مفاد عامہ کی درخواست دائر کی تھی۔واضح رہے کہ اس مقدمہ کی سپریم کورٹ میں 11تا 18مئی تک بحث ہوئی تھی اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔

شیئر: