العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں توسیع، مجموعی رقبے میں 44 فیصد اضافہ
سعودی وزیر ثقافت اور العلا رائل اتھارٹی کے کمشنر شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے چیئرمین عبدالعزیز الدعیلج و العلا رائل اتھارٹی کے سی ای او و دیگر اعلٰی عہدیدار بھی موجود تھے۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے کہ العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے تحت تین مرکزی امور پر توجہ دی گئی ہے جس کا مقصد ایئرپورٹ کے مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا اور ایوی ایشن کے حوالے سے بہترین تجربے سے روشناس کرانا ہے۔

توسیعی منصوبے کے تحت ایئرپورٹ کا مجموعی رقبے میں 44 فیصد اضافہ کیا گیا جو 3800 مربع میٹر سے بڑھ کر 5450 مربع میٹر تک پہنچ گیا۔
ایئرپورٹ پر مسافروں کی سالانہ گنجائش میں 75 فیصد اضافے ہوگا جو چار لاکھ سے بڑھ کر سات لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

ایئرپورٹ پر سمارٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ای گیٹس نصب ہیں جبکہ آرائیول لاؤنج میں بھی امیگریشن کی سہولت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پاسپورٹ کنٹرول پلیٹ فارمز کی تعداد چار سے بڑھا کر 12 کر دی گئی ہے۔
جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ ’ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے سے سیاحتی اور لاجسٹک سروسز میں اضافہ ہوگا جبکہ سرمایہ کاری کے مواقع بھی بڑھیں گے۔‘
