جازان کے نئے ایئرپورٹ پر سالانہ 5.4 ملین مسافروں کی گنجائش، 92 فیصد کام مکمل
جازان ریجن کے گورنر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بن محمد بن عبدالعزیز نے جازان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق جمعرات کو گورنر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بن محمد بن عبدالعزیز نے جاری ترقیاتی منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور انہیں منصوبے کے مراحل کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو 92 فیصد تک مکمل ہو چکے ہیں۔
ایئرپورٹ کو سالانہ 5.4 ملین مسافروں کی گنجائش کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ایئر پورٹ میں جدید سہولتیں اور خدمات شامل ہیں اور اعلٰی ترین معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے اور آپریشنل کارکردگی کو فروغ دیا جا سکے۔

یہ ایئرپورٹ تقریباً 48 ملین مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے جس میں 57 ہزار مربع میٹر پر ایک پسینجر ٹرمینل، 12 ٹریول گیٹس، 10 ایئرکرافٹ برج، 32 چیک ان کاؤنٹر، 8 سیلف سروس ڈیوائسز کے علاوہ وسیع کار پارکنگ، 4 ویٹنگ لاؤنجز اور جدید سسٹمز سے لیس 4 کنورٹر بیلٹس شامل ہیں جو فی گھنٹہ 2400 بیگس ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
