Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ہاکی ٹیم نے آئندہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا

کراچی: پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈ ہاکی لیگ میں خراب کارکردگی کے باوجود آئندہ برس ہند میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کےلئے کوالیفائی کر لیا۔ہاکی کی عالمی تنظیم (ایف آئی ایچ) کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم نے یورپین ہاکی چیمپیئن شپ کے نتائج کی بدولت ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا۔پاکستان ٹیم اس وقت ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں 14ویں نمبر پر ہے اور عالمی کپ کےلئے کوالیفائی کرنے والی 13ویں ٹیم ہے۔ہاکی ورلڈ کپ آ ئندہ برس 24 نومبر سے 16 دسمبر تک ہند کے شہر بھوبانیشور میں کھیلا جائے گا، جس میں آسٹریلیا دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے شمولیت کرے گا۔ پاکستان 2014 ءمیں ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں ہونے والے عالمی کپ کےلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام بھی ہوچکا ہے ۔پاکستان ٹیم ہاکی ورلڈ کپ مقابلوں کی اب تک کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جس نے 13 میں سے 12 مرتبہ ایونٹ کےلئے کوالیفائی کیا اور 6 مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان 4 مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ اپنے نام کر چکا ہے جو اب تک کا سب سے زیادہ مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔آئندہ برس ہند میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کےلئے اب تک جن ممالک کی ٹیموں نے کوالیفائی کیا ان میں میزبان ہند سمیت آسٹریلیا، انگلینڈ، ارجنٹائن، کینیڈا، ہالینڈ، اسپین، ملائیشیا، آئرلینڈ، جرمنی، بیلجیئم، نیوزی لینڈ اور پاکستان شامل ہیں۔ایف آئی ایچ کے مطابق عالمی کپ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی تاہم مزید 3ٹیموں کا فیصلہ ایشیا، اوشیانا اور افریقہ میں ہونے والی کانٹیننٹل چیمپیئن شپ کے نتائج پر ہوگا۔ 

شیئر: