Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چودھری سالک کا مریم نواز کو نوٹس کا جواب، وزیراعلٰی اور اعظمیٰ بخاری کو جوابی نوٹس بھی بھجوا دیے

چودھری سالک حسین کا مریم نواز کو پانچ ارب روپے کے ہرجانے کے نوٹس کا جواب، وزیراعلیٰ اور اعظمیٰ بخاری کو بھی جوابی قانونی نوٹس بھجوا دیے۔
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے بیان پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے پانچ ارب روپے کے ہرجانے کے قانونی نوٹس کا تفصیلی جواب بھجوا دیا ہے اور ساتھ ہی وزیراعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزیر اطلاعات اعظمیٰ بخاری کو بھی قانونی نوٹسز بھجوا دیے ہیں۔ 
انہوں نے مریم نواز کے تمام مطالبات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان عوامی مفاد میں دیا گیا تھا اور اسے ہتکِ عزت قرار نہیں دیا جا سکتا۔ چودھری سالک حسین نے بیان واپس لینے، معافی مانگنے اور ہرجانہ ادا کرنے سے انکار کیا۔
چودھری سالک حسین نے اپنے قانونی جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں ان کے انٹرویو کے بیان کو درست انداز میں نقل نہیں کیا گیا بلکہ اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔ 
ان کے مطابق پنجاب میں کرپشن اور سرکاری محکموں کی کارکردگی پر بات کرنا عوامی نمائندے کا حق ہے اور حکومت یا سرکاری ادارے تنقید سے بالاتر نہیں ہو سکتے۔
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز نے اپنے جواب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود بھی پنجاب میں کرپشن اور اس کی وسعت کا اعتراف کر چکی ہیں۔ 
ان کے مطابق مریم نواز مختلف مواقع پر پولیس، صحت اور دیگر سرکاری محکموں میں کرپشن کا اعتراف کر چکی ہیں، لہٰذا کرپشن سے متعلق ان کے بیان کو ہتکِ عزت قرار دینے کا جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا بیان کسی مخصوص فرد پر ذاتی الزام نہیں ہے بلکہ صوبے میں بدانتظامی اور کرپشن سے متعلق عوامی تشویش کا اظہار تھا۔ 
چودھری سالک کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ قانونی فورم پر کرپشن سے متعلق شواہد پیش کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے مریم نواز پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ ذاتی معاملے میں سرکاری ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر اور عوامی وسائل استعمال کر رہی ہیں۔ 
ان کا کہنا ہے کہ سرکاری وکلا اور ان کے وسائل عوام کے ٹیکس سے چلتے ہیں، اس لیے انہیں ذاتی معاملات کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
چودھری سالک حسین نے مریم نواز کے پانچ ارب روپے ہرجانے کے مطالبے کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے بھاری مالی مطالبات عوامی نمائندوں اور ذرائع ابلاغ کو عوامی مسائل پر بات کرنے سے روکنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سے قانونی نوٹس فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنا بیان واپس لیں گے، معافی مانگیں گے اور نہ ہی کوئی ہرجانہ ادا  کریں گے۔
مریم نواز اور اعظمیٰ بخاری کو الگ الگ نوٹسز
مریم نواز کے قانونی نوٹس کا جواب دینے کے ساتھ چودھری سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کو بھی ہتک عزت کے الگ الگ قانونی نوٹس بھجوا دیے ہیں۔ 
یہ قانونی نوٹسز وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر میں چودھری سالک حسین کے بیانات کو گجرات کے ڈسٹرکٹ کمشنر (ڈی سی) سے جوڑنے سے متعلق ہیں۔ اعظمی بخاری کو بھی اسی نوعیت کے بیان پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز نے 16 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں تصدیق کی کہ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے دو قانونی نوٹس بھجوائے ہیں۔ 
ایک مریم نواز شریف جبکہ دوسرا عظمیٰ زاہد بخاری کے نام ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ قانونی نوٹسز کے ذریعے ڈرانے یا دباؤ ڈالنے کی کوششیں انہیں عوامی مفاد کے معاملات پر آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتیں۔ 
ان کے مطابق پنجاب بدستور شدید بدانتظامی اور بڑے پیمانے پر کرپشن کے مسائل سے دوچار ہے جن پر دھمکیوں کی بجائے خود احتسابی اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔ 
وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا کہ پنجاب اور پاکستان کے مفاد میں شفافیت اور احتساب کے لیے ان کا عزم برقرار ہے۔
تنازع شروع کیسے ہوا تھا؟
یہ تنازع چودھری سالک حسین کی جانب سے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں دیے گئے انٹرویو کے بعد شروع ہوا تھا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے موجودہ پنجاب حکومت پر تنقید کی تھی۔ 
انہوں نے کہا تھا کہ انہیں پنجاب میں روزانہ کرپشن کی شکایات سننے کو ملتی ہیں اور صوبے میں کرپشن کی فائلیں نہیں بلکہ پوری پوری الماریاں بھری ہوئی ہیں۔ انہوں نے سرکاری اخراجات، بالخصوص سرکاری طیارے کے استعمال پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔
اس بیان کے بعد مریم نواز نے چودھری سالک حسین، پروگرام کے میزبان اور چینل کےچیئرمین کو پانچ ارب روپے ہرجانے کے قانونی نوٹس بھجوائے تھے۔ 
نوٹس میں متنازع بیانات واپس لینے، غیر مشروط معافی شائع کرنے، متعلقہ انٹرویو کے حصوں کو ہٹانے یا درست کرنے اور سات روز کے اندر پانچ ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 
مریم نواز نے چوہدری سالک سے یہ بھی سوال کیا تھا کہ اگر انہیں پنجاب حکومت میں اتنی کرپشن نظر آتی ہے تو وہ اسی حکومت کے اتحادی ہونے کے باوجود وفاقی کابینہ میں وزیر کیوں ہیں؟
دوسری جانب مریم نواز اور عظمیٰ بخاری نے چودھری سالک کی تنقید کو گجرات میں اپنی پسند کا ڈپٹی کمشنر تعینات نہ ہونے پر ناراضی سے جوڑا تھا۔ 
تاہم چودھری سالک نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا انٹرویو 25 ستمبر کو ریکارڈ ہوا تھا، جبکہ نئے ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی اس کے بعد ہوئی۔
اعظمی بخاری کا جواب
صوبائی وزیر اطلاعات اعظمیٰ بخاری نے پہر کو لاہور میں پریس نیوز کرتے ہوئے چودھری سالک حسین کے قانونی جواب پر سخت ردِعمل دیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ چودھری سالک نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کے ثبوتوں سے الماریاں بھری ہوئی ہیں لیکن جب ان سے ثبوت پیش کرنے کا کہا گیا تو انہوں نے جواب میں آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دے دیا۔
اعظمیٰ بخاری کے مطابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں آڈٹ اعتراضات (آڈٹ پیراز) سامنے آنا بذات خود کرپشن کا ثبوت نہیں ہوتا۔ ان رپورٹس پر متعلقہ محکموں اور آڈیٹرز کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں وضاحت پیش کی جاتی ہے اور متعدد معاملات نمٹا دیے جاتے ہیں یا ان میں رقوم کی ریکوری کر لی جاتی ہے۔
انہوں نے چودھری سالک کے زیر انتظام سمندر پار پاکستانیوں کے محکمے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آڈیٹر جنرل کی 2026-2025 کی رپورٹ میں اس محکمے کے لیے مختص رقم کے حوالے سے بھی اربوں روپے کے آڈٹ اعتراضات موجود ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اگر آڈٹ اعتراضات کو کرپشن کا ثبوت قرار دیا جائے تو چودھری سالک کو اپنے محکمے کے آڈٹ اعتراضات کا بھی جواب دینا ہوگا۔
اعظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کسی کے ساتھ ذاتی لڑائی نہیں ہے اور وہ صوبے کو دوبارہ کھڑا کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ تاہم اگر کوئی پنجاب حکومت یا وزیراعلیٰ پر الزام لگائے گا یا سوال اٹھائے گا تو اسے جواب بھی دیا جائے گا۔ 
انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ملک میں کرپشن سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بالکل پورے ملک میں کرپشن ہو رہی ہے، لیکن کرپشن کے خلاف حقیقی کارروائی صرف پنجاب میں ہو رہی ہے۔‘ 
اعظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں اینٹی کرپشن کے ذریعے اب تک 723 افراد گرفتار کیے گئے ہیں جن میں 408 سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔

شیئر: