’میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز‘، برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن نئے جیمز بانڈ
جیمز بانڈ کا کردار ملنے پر پیٹنسن نے کہا کہ ’جیمز بانڈ سنیما کی تاریخ کے سب سے یادگار کرداروں میں سے ایک ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے نئے اداکار منتخب ہو گئے ہیں اور وہ طویل عرصے تک اس کردار کو نبھانے والے ڈینیل کریگ کی جگہ لیں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایمیزون ایم جی ایم سٹوڈیوز نے پیر کو اس کا اعلان کیا۔
جیمز بانڈ فلم سیریز ہالی ووڈ کی سب سے کامیاب اور طویل ترین فرنچائزز میں شمار ہوتی ہے۔ برطانوی خفیہ ایجنٹ ’007‘ پر مبنی یہ سیریز 1962 میں فلم ’ڈاکٹر نو‘ سے شروع ہوئی تھی، جب شان کونری پہلی مرتبہ اس کردار میں نظر آئے تھے۔
اب تک جیمز بانڈ کی دو درجن سے زائد فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں اور یہ فلمیں عالمی باکس آفس پر 7 ارب ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کر چکی ہیں۔
آنے والی فلم ایمیزون ایم جی ایم سٹوڈیوز کے تحت بننے والی پہلی جیمز بانڈ فلم ہوگی۔ سٹوڈیو نے 2025 میں طویل عرصے سے فرنچائز کے حقوق رکھنے والے مائیکل ولسن اور باربرا بروکولی کے ساتھ معاہدے کے بعد اس سیریز کا تخلیقی کنٹرول حاصل کیا تھا۔
نئی فلم کی ہدایت کاری آسکر کے لیے نامزد فلم ساز ڈینس ولنیو کریں گے، جو ’ڈیون‘ سیریز اور ’ارائیول‘ جیسی فلموں کے لیے مشہور ہیں، جبکہ سکرپٹ برطانوی مصنف سٹیون نائٹ تحریر کریں گے۔
38 سالہ رابرٹ پیٹنسن حالیہ برسوں میں ’دی اوڈیسی‘، ’دی ڈراما‘ اور ’پرائم ٹائم‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ وہ اگلے ماہ ریلیز ہونے والی’"ڈیون: پارٹ تھری‘ میں بھی نظر آئیں گے۔
جیمز بانڈ کا کردار ملنے پر پیٹنسن نے کہا کہ ’جیمز بانڈ سنیما کی تاریخ کے سب سے یادگار کرداروں میں سے ایک ہے، اور 007 کا کردار ادا کرنے کا موقع میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ کہنا کہ یہ میرا خواب تھا، شاید کافی نہیں ہوگا۔ میں اس شاندار ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے حد پرجوش ہوں۔‘
