میلبورن .... کیا آپ کو دن میں 8گلاس پانی کی ضرورت ہے؟ کیونکہ بچپن سے ہی ڈاکٹروں، سائنسدانوں او رہمارے والدین اور خیر خواہوں نے ہمیں یہی یاددہانی کرائی ہے کہ دن میں کم سے کم 8گلاس پانی پینا ضروری ہے لیکن کیا اس کہانی میں کوئی حقیقت بھی ہے۔ یقینا نہیں۔ کیونکہ اب ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر آپ پیاسے نہیں تو اتنا پانی مت پیجئے ورنہ مر بھی سکتے ہیں۔ اب جو نئی تحقیق سامنے آئی ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ پانی پینے سے دماغ میں ایک حفاظتی رگ پھٹ سکتی ہے۔ ضرورت سے زیادہ پانی پینے کے نتیجے میں جسم کے میکنزم میں خلل واقع ہوگا اور انسان کو کئی خطرات لاحق ہوجائیں گے جو مہلک بھی ہوسکتے ہیں۔ خون میں سوڈیم کی اہم سطح کم ہوجائیگی جس کے نتیجے میں آپ سستی کا شکار ہونگے ، بیماریاں لاحق ہونگی حتی کہ کوما میں بھی جاسکتے ہیں اور پھر چند گھنٹوں میں ہی انسان موت کی وادی میں چلا جاتا ہے۔ میلبورن کی موناش یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم کے قائد ڈاکٹر مائیکل کا کہناہے کہ ہمارا جسم جس چیز کا تقاضا کرتا ہے ہمیں صرف اتنا ہی لینا چاہئے۔ پیاسے ہوں تو پانی ضرور پئیں لیکن اس سے زیادہ پانی پینے کے نتیجے میں صورتحال خطرناک ہوجائیگی۔ انہوں نے کہا کہ میراتھن ریس کے دوران بعض ایتھلیٹس حد سے زیاد پانی پی لیتے ہیں اور ان میں سے کچھ کی تو موت بھی واقع ہوچکی ہے۔ پچھلے ہفتے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق نل کے پانی میں کیمیکل کرومیم 6کی خطرناک سطح پائی گئی۔ امریکہ کی 50ریاستوں میں اس کی بہت زیادہ مقدار پانی میں ملی ہوتی ہے جو صحت کیلئے نقصان دہ ہے۔








