شعیب ام قصر: ریاض میں ماحولیاتی تحفظ کا ایک منفرد منصوبہ
ریاض شہر کے مغربی جانب واقع شعیب ام قصر ایک منفرد ماحولیاتی منصوبہ ہے۔ یہاں ایک ایسا کھلا قدرتی علاقہ تیار کیا گیا ہے جہاں ماحولیاتی تحفظ اور تفریح کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔
یہ منصوبہ ترقی کے اس جدید انداز کی عکاسی کرتا ہے جو شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن برقرار رکھتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شعیب ام قصر، العریجا کے وسطی علاقے میں واقع ہے اور وادی حنیفہ کے قدرتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ سرسبز ریاض منصوبے کے تحت اسے ماحولیاتی اور انجینیئرنگ معیار کے مطابق اس انداز سے تیار کیا گیا کہ اس کی قدرتی خوبصورتی برقرار رہے۔ شہری ماحولیاتی منظر کو بھی بہتر بنایا گیا تاکہ کھیل اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے موزوں ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس مقام پر واکنگ اور جاگنگ ٹریکس کے علاوہ سائیکلنگ کے لیے بھی جدا راستے بنائے گئے ہیں۔ شعیب (پہاڑوں کے بیچ گھاٹی) کے درمیان میں جدید طرزِ تعمیر پر مبنی ایک سپورٹس برج بھی، جہاں سے وادی کے دلکش مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
رات کے وقت خوبصورت روشنیوں کا انتظام اس مقام کی دلکشی میں مزید اضافہ کرتا ہے اور اسے کھلی فضاؤں میں تفریح اور سرگرمیوں کے لیے پسندیدہ مقام بناتا ہے۔

علاقے میں مقامی ماحول سے ہم آہنگ درخت اور پودے لگائے گئے ہیں جبکہ مصنوعی آبشاریں اور آبی ذخائر قدرتی حسن کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔
واضح رہے شعیب ام قصر، دارالحکومت ریاض کے اس وژن کی نمائندگی کرتا ہے جس کے تحت قدرتی وادیوں کو پائیدار ماحولیاتی مقامات میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے معیار زندگی بہتر بنانے اور لوگوں کے لیے تفریحی مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔
