Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کی نئی ائیر لائن" فلائی اے ڈیل "یوم الوطنی سے سفر کا آغاز کرے گی

    جدہ ( رپورٹ و تصویر: ارسلان ہاشمی ) سعودی ائیر لائن کی نئی کمرشل فضائی سروس’’ فلائی اے ڈیل ‘‘ مملکت  کے قومی دن  23 ستمبر 2017 سے شروع کر دی جائیگی ۔ سعودی ائیر لائن کے ڈائریکٹر جنرل اور نئی شروع ہونے والی فلائی اے ڈیل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے نگرانِ اعلیٰ انجینیئرصالح بن ناصر الجاسر نے ان خیالات کا اظہار فلائی اے ڈیل کے پہلے طیارے ایئر بس A320 کے جدہ پہنچنے کے موقع پر اسکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نئی فضائی سروس شروع کرنے کا مقصد کم مسافروں کوخرچ میں فضائی سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ معاشرے کا ہر طبقہ مستفیض ہو سکے ۔ فلائی اے ڈیل کا پہلا جہاز پہنچ چکا ہے، جلد ہی مزید جہاز مملکت پہنچ جائیں گے۔ سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی ائیر لائن کی نئی فضائی سروس اپنی پہلی کمرشل پرواز کا آغاز جدہ سے ریاض کیلئے کرے گی ۔ فلائی اے ڈیل لانچ کرنے کے منصوبے کا اعلان گزشتہ برس اپریل میںکیا گیا تھا جو اب حقیقت کی شکل میںہمارے سامنے موجود ہے ۔ فلائی اے ڈیل مملکت کے وژن 2030 کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ نئی ائیر لائن کے قیام سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔الجاسر نے مزید کہا آج اس بات کی خوشی ہے کہ مملکت کی تعمیر و ترقی اور مستقبل کے منصوبوں کے حصول میں سعودی ائیر لائن بھی برابر کی شریک ہے ۔ دریں اثناء فلائی اے ڈیل کے آپریشنل ڈائریکٹر کون کورفئیٹس نے نئی فضائی سروس کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم مملکت کیلئے نئی چوائس لیکر مارکیٹ میں آئے ہیں ۔ فلائی اے ڈیل فضائی سفر میں نئی جہتوںکا آغاز کریگی ۔ ہمارا ہدف ہے کہ ہم بہترین خدمات ارزاں نرخوں میں پیش کریں تاکہ ہر ایک بہتر انداز میں مستفیض ہو سکے ۔آپریشنل ڈائریکٹر نے اردو نیوز سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ فلائی اے ڈیل جلد ہی پاکستان اور ہندوستان کیلئے بھی اپنی سروسز کا آغاز کرے گی تاکہ ان ممالک سے تعلق رکھنے والے اِس ائیر لائن کی خدمات سے مستفیض ہو سکیں ۔ کون کورفئیٹس نے مزید کہا کہ ہمارے فضائی بیڑے میں شامل جہاز اس طرح ڈیزائن کئے گئے ہیں کہ اس میں ایک ہی درجہ رکھا گیا ہے تاکہ نرخوں پر قابو پایا جاسکے ۔ بیڑے میں شامل تمام جہاز جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل اور اعلیٰ درجے کی سہولتوں سے آراستہ ہیں ۔واضح رہے کہ فلائی اے ڈیل میں آنے والے پہلے ائیر بس A320  طیارے کو " النیر" کا لقب دیا گیا ہے جس کے معنیٰ  " مشرق کا ستارہ "  کے ہیں ۔ فلائی ڈیل سعودی ائیر لائن کی ذیلی فضائی سروس ہے جو ارزاں نرخ ائیر لائن کے طور پر متعارف کروائی جارہی ہے ۔ ائیر لائن کا سلوگن  ہے  " ارزاں نرخ پر سفر کریں -- فلائی ڈیل کے ساتھ" ۔

شیئر: