مملکت کی معیشت میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم: سعودی وزیر سرمایہ کاری
پرکشش سرمایہ کاری سے رجسٹرڈ سرمایہ کار کمپنیوں میں بھی اضافہ ہوا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرسرمایہ کاری انجینئرخالد الفالح نے کہا ہے کہ مملکت کی معیشت میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے اور یہ ملکی اقتصادی تبدیلیوں کے سفر میں کامیاب شراکت دار بھی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق وہ ریاض میں منعقدہ پرائیویٹ سیکٹرفورم 2026 میں ایک ڈائیلاگ سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا’ سعودی ولی عہد کی جانب سے اقتصادی تبدیلی کے لیے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ پر بھرپور توجہ دی گئی، تیل پرروایتی انحصار سے ہٹ کر اہم فیصلے کیے جو مملکت، خطے اور دنیا کے لیے معاشی مستقبل کی تعمیر و ترقی میں معاون ثابت ہوئے۔‘
انہوں نے واضح کیا ’اکتوبر2020 میں قومی سرمایہ کاری کی حکمت عملی کے اجرا کیا گیا جس کا مقصد مقامی معیشت میں بہتری لاتے ہوئے اسے سال 2030 تک 30 فیصد بڑھانا تھا۔‘
خالد الفالح نے کہا’ قومی سرمایہ کاری کی حکمتِ عملی کامیاب رہی، محض تین برسوں میں مقررہ ہدف کا نصف سے زیادہ حاصل کرلیا گیا۔ نان آئل اکانومی میں سرمایہ کاری میں 40 فیصد اضافہ ہوا جو ایک ریکارڈ ہے جس سےعالمی سطح پر سرمایہ کاری کے حوالے سے مملکت کا شمار صف اول کی معیشتوں میں ہوا ہے۔
وزیرسرمایہ کاری نے بتایا ’ مملکت میں پرکشش سرمایہ کاری کی وجہ سے رجسٹرڈ سرمایہ کار کمپنیوں میں بھی اضافہ ہوا۔ مملکت کو علاقائی اور عالمی پلیٹ فارم کے طور پر منتخب کرنے والی کمپنیوں کی تعداد 500 سے بڑھ کر 700 تک پہنچ گئی۔
