حائل ریجن میں ’پہاڑی کی چھت‘ پر جامنی پھولوں کی چادر بچھ گئی
موسمِ سرما میں حائل کے پہاڑی مقامات انتہائی دلکش مناظر پیش کر رہے ہیں جو ان دنوں وزیٹرز کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق پہاڑی پر واقع قصبہ سقف فطری حسن سے مالا مال ہے۔

ہر طرف کھلے پھول انتہائی دلکش منظر پیش کر رہے ہیں جبکہ سرسبز میدانوں کی کثرت نے سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پہاڑی چوٹیاں ان دنوں ’الجھق‘ نامی پودوں سے ڈھکی ہوئی ہیں، جس نے پہاڑی زمین کو خوشنما پھولوں کے قالین کی شکل دے دی ہے۔

یہ پودا علاقے کی موسمی پیداوار میں شامل ہے، جس کے پھولوں کا حسین جامنی رنگ انسان کو سحر زدہ کر دیتا ہے اور سبزہ زار کی چادر علاقے کی خوبصورتی کو دوبالا کر دیتی ہے۔
حائل کے اس قصبے ’سقف‘کا نام واقعی ’چھت‘ کے تصور کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ بلندی پر ہونے کی وجہ سے یہاں آ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پہاڑی کی چھت پر پھولوں کی چادر بچھ گئی ہو۔
