سعودی وزیرِ صحت کی حج اور عمرہ رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقاتیں
وزیرِ صحت فہد الجلاجل نے مختلف ہسپتالوں اور کلینکس کا دورہ کیا۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ)
مدینے کے مختلف صحت کے مراکز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اور رمضان کے مہینے میں مریضوں کو دستیاب سہولتوں کے بارے میں جاننے کے لیے سعودی وزیرِ صحت فہد عبدالرحمٰن الجلاجل نے مختلف ہسپتالوں اور کلینکس کا دورہ کیا۔
عرب نیوز کے مطابق وزیرِ صحت نے علاقے کی حج اور عمرہ رابطہ کمیٹی کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کیں۔
اہم ہسپتالوں اور صحت کے بنیادی مراکز میں گئے جہاں انھوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین یا ملنے ملانے والوں اور مدینہ شہر کے رہنے والوں کو ضرورت پڑنے پر فراہم کی جانی والی سہولتوں اور تیاریوں پر حکام سے ملاقاتیں کیں۔
الجلاجل نے ہسپتالوں کے مختلف محکموں اور خصوصی یونٹس کا بھی معائنہ کیا جنھیں حال ہی میں اپ گریڈ کیا گیا ہے اور کچھ جگہوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لایا گیا ہے۔
ان میں انتہائی نگہداشت کی خدمات، ایمرجنسی اور حادثات کا شعبہ اور آپریشنل سہولتیں شامل تھیں۔

انہوں نے مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں حکام سے دریافت کیا جن میں آپریشن رومز شامل تھے۔
انھوں نےان اہم کمروں کو بہتر بنانے کے نظام الاوقات اور فراہم کی جانے والی والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔
وزیرِ صحت کے لیے آؤٹ پیشنٹ کلینک اور ان کی بحالی اور ان میں وسعت کے ساتھ ساتھ نرسری کی خدمات کو بہتر بنانے پر بھی ایک بریفنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

مدینے کے ہیلتھ کیئر نظام میں لگ بھگ 21 لاکھ افراد کے لیے فی الحال 200 کے قریب مختلف سہولتیں دستیاب ہیں۔
وزیرِ صحت کا ہسپتالوں اور صحت کے مختلف مراکز کا دورہ ان کی وزارت کی طرف سے معائنے کی مہم کا حصہ ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مدینے میں ہیلتھ کیئر کی سہولتیں اعلٰی سطح پر فراہم کی جا سکتی ہیں جن میں مریض کی حفاظت، طبی نگہداشت کی کوالٹی اور بہترین آپریشنل تیاریوں پر بھرپور توجہ دی گئی ہے۔
