Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈبلیو ڈبلیو ای میں ہندوستانی خاتون ریسلر

 
 
اسلام آباد:ڈبلیو ڈبلیو ای میں گزشتہ برس پہلی بار ایک پاکستانی ریسلر کی شمولیت ہوئی جبکہ متعددہندوستانی ریسلرز وہاں موجود ہیں جیسے ٹائیگر جیت سنگھ سے لے کر دی گریٹ کھالی تک جبکہ موجود ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن بھی جندر مہل نامی انڈین ریسلر ہے۔ مگر وہاں کبھی بھی برصغیر سے تعلق رکھنے والی خاتون ریسلر نظر نہیں آئی مگر اب شلوار قمیض پہن کر لڑنے والی ایک ریسلر ڈبلیو ڈبلیو ای میں نظر آئی ہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔ یہ ہیں کویتا دیوی جوہندوستانی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے گریٹ کھالی سے ان کی اکیڈمی میں تربیت حاصل کرکے ڈبلیو ڈبلیو ای کے پہلے مائی ینگ کلاسیک ویمن ٹورنامنٹ میں گزشتہ ماہ ڈیبو کیا۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ شلوار قمیض میں ہی مقابلہ کرتی ہیں۔ کویتا دیوی سابق پاور لفٹر اور ایم ایم اے فائٹر رہ چکی ہیں جبکہ وہ پولیس آفیسر بھی تھیں مگر اب وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کیرئیر بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں تاہم بدقسمتی سے اس خاتون کو پہلے میچ میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا اور ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا حصہ بننا اچھا تجربہ تھا کیونکہ اس میں دنیا بھر کی ریسلرز شریک تھیں۔ یہ خاتون ساوتھ ایشین گیمز میں پاور لفٹنگ میں طلائی تمغہ بھی جیت چکی ہیں مگر ان کے بقول اس شعبے میں کامیابی کے باوجود کچھ کمی سی محسوس ہوتی تھی اور اسی لئے وہ ریسلنگ کی جانب گئیں اور آغاز نے ہی انہیں سیلیبرٹی بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس تیکنیک، صلاحیت اور مضبوطی ہے اور ڈبلیو ڈبلیو ای میں کامیابی کےلئے مجھے وہاں کی ریسلرز کی طرح کے گلیمر کی ضرورت نہیں مجھے بس یہ سیکھنا ہے کہ ہجوم کے سامنے پرفارم کیسے کرتے ہیں اور باقی سب بھی بتدریج سیکھ لوں گی۔ کویتا دیوی پہلی ہندوستانی ڈبلیو ڈبلیو ای ویمن چیمپئین بننے کا عزم رکھتی ہیں اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی آبائی ریاست ہریانہ میں دیہاتی میرے والد سے کہتے تھے لڑکی کو اکیلے باہر مت بھیجو شادی کرا دو اس کی۔خوش قسمتی سے میرے بھائی نے اس صورتحال میں میرا ساتھ دیا اور وہ کہتا تھا کہ کویتا تم کھیل پر دھیان دو اور ان لوگوں کو مجھ پر چھوڑ دو۔

شیئر: