مصنوعی قلت پیدا کرنے والے پیٹرول پمپس فوری بند اور لائسنس منسوخ کیے جائیں: وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ’جو بھی پیٹرول پمپ مصنوعی قلت کے مکروہ دھندے میں ملوث پایا جائے، اسے فوری طور پر بند کر کے اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔‘
وزیراعظم کی زیرِ صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ملک میں تیل کے ذخائر اور سپلائی چین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
’اجلاس کو وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باوجود 'ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔‘
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف متحرک ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو حکم دیا کہ وہ تمام صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ’پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور ان کی عوام کو بلاتعطل فراہمی‘ کے حوالے سے مؤثر لائحہ عمل تیار کریں۔
نظام میں شفافیت لانے کے لیے وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ایک ڈیش بورڈ بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ صوبوں کے ساتھ ریئل ٹائم ڈیٹا شیئر ہو سکے۔
اس اہم اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
