Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتحاد ایئرویز کا ابوظبی سے متعدد شہروں کے لیے محدود پروازیں بحال کرنے کا اعلان

اتحاد ایئرویز کے مطابق 21 مارچ تک کی تمام پروازوں کے مسافر ریفنڈ کی درخواست بھی دے سکتے ہیں (فوٹو: اتحاد ایئرویز)
متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن اتحاد ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ وہ 6 مارچ  سے محدود کمرشل پروازوں کا شیڈول بحال کر رہی ہے۔
ایئرلائن کے مطابق یہ پروازیں ابوظبی سے دنیا کے متعدد اہم شہروں کے درمیان مرحلہ وار چلائی جائیں گی جبکہ باقی تمام کمرشل سروسز فی الحال معطل رہیں گی۔
اتحاد ایئرویز نے جمعہ کو ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلے سے بکنگ رکھنے والے مسافروں کو جلد از جلد نئی دستیاب پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا، جبکہ نئی ٹکٹس بھی اتحاد کی ویب سائٹ پر فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔
ایئرلائن نے واضح کیا ہے کہ مسافر صرف اسی صورت ایئرپورٹ جائیں جب انہیں براہِ راست اطلاع دی گئی ہو یا ان کے پاس کنفرم ٹکٹ موجود ہو۔
ایئرلائن کے مطابق یہ فیصلہ متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورت اور تفصیلی حفاظتی و سیکیورٹی جائزوں کے بعد کیا گیا ہے۔ ادارہ مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے اور صرف اسی وقت پروازیں چلائے گا جب تمام حفاظتی معیار مکمل طور پر پورے ہوں گے۔
اتحاد نے یہ بھی کہا کہ آئندہ دنوں میں حالات کے مطابق مزید مقامات کو شیڈول میں شامل کیا جائے گا۔
6 سے 19 مارچ کے درمیان جن شہروں کے لیے ابوظبی سے محدود پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں احمد آباد، ادیس ابابا، ایمسٹرڈیم، ایتھنز، اٹلانٹا، بینکاک، بارسلونا، بیجنگ، بنگلورو، بوسٹن، برسلز، قاہرہ، کاسابلانکا، چیانگ مائی، شکاگو، کولمبو، کوپن ہیگن، دہلی، دینپاسار (بالی)، ڈبلن، ڈسلڈورف، فرینکفرٹ، جنیوا، ہنوئی، ہانگ کانگ، حیدرآباد، اسلام آباد، استنبول، جکارتہ، جدہ، کراچی، کوچی، کولکتہ، کوژیکوڈ، کرابی، کوالالمپور، لاہور، لندن (ہیتھرو)، میڈرڈ، مالے، مانچسٹر، منیلا، مدینہ، میلبورن، میلان (مالپینسا)، ماسکو (شیرمیتیوو)، میونخ، ممبئی، مسقط، نیروبی، نیویارک (جے ایف کے)، پیرس، نوم پنہ، فوکٹ، پراگ، ریاض، روم، سیول (انچیون)، سیشلز، سنگاپور، سینٹ پیٹرزبرگ، سڈنی، تائی پے، ترواننتھاپورم، ٹوکیو، ٹورنٹو، ویانا، وارسا، واشنگٹن اور زیورخ شامل ہیں۔
اتحاد ایئرویز کے مطابق تمام پروازیں آپریشنل منظوری اور خطے کی فضائی حدود کی صورتحال سے مشروط ہوں گی اور تمام روٹس روزانہ دستیاب نہیں ہوں گے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر سے پہلے اپنی فلائٹ کی تازہ صورتحال ویب سائٹ پر ضرور چیک کریں اور اپنی بکنگ میں رابطے کی تفصیلات درست رکھیں۔
ایئرلائن نے یہ سہولت بھی دی ہے کہ وہ مسافر جن کے ٹکٹس 28 فروری 2026 تک جاری ہوئے تھے اور اصل سفر کی تاریخ 21 مارچ تک تھی، وہ بغیر اضافی فیس کے اپنی پرواز 15 مئی 2026 تک ری بک کر سکتے ہیں۔ اسی طرح 21 مارچ تک کی تمام پروازوں کے مسافر ریفنڈ کی درخواست بھی دے سکتے ہیں، جبکہ ٹریول ایجنٹ کے ذریعے بکنگ کرنے والے مسافر اپنے ایجنٹ سے رابطہ کریں۔
اتحاد ایئرویز نے بتایا کہ کال سینٹر پر غیر معمولی رش ہے، اس لیے ریفنڈ کے لیے آن لائن فارم استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایئرلائن نے ایک بار پھر واضح کیا کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور تمام سروسز صرف مکمل حفاظتی اطمینان کے بعد ہی چلائی جائیں گی۔

 

شیئر: