Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف زبان کھولنے والوں کو قتل کر دیا جاتا ہے

بنگلور۔۔۔۔کرناٹک کے شہر بنگلور میں مشہور صحافی گوری لنکیش کے قتل پر کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا کہ جو بھی بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف آواز بلند کرتا ہے اسے قتل کردیا جاتا ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ یہ ایسی ذہنیت ہے جو چاہتی ہے کہ ملک میں صرف ایک ہی آواز ہو۔انہوں نے کہا کہ بسا اوقات وزیراعظم مودی بھی اس کے خلاف تبصرہ کرجاتے ہیں تاہم وہ بھی اسی مکتب فکر سے تعلق رکھتے ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ’’ہنر مند ہندووادی‘‘قومی رہنما ہیں ان کی باتیں بڑی معنی خیز ہوتی ہیں۔ ان  کے لفظوں کے 2معانی ہوتے ہیں۔ایک ان کے حامیوں کیلئے اور دنیا کے دیگر لوگوں کیلئےمختلف ہوتے ہیں۔گوری لنکیش کے قتل پر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔کانگریس کی جانب سے جاری بیان میں سونیا گاندھی نے کہا کہ گوری لنکیش میں حکومتی نظام کے خلاف لڑنے کی بے پناہ طاقت تھی، وہ ایک بہادر اور آزاد صحافی کے طور پر جانی جاتی تھیں۔واضح ہو کہ گزشتہ رات جب گوری لنکیش دفتر سے گھر پہنچیں اور دروازہ کھول رہی تھیں کہ موٹر بائک پر سوار حملہ آوروں نے عین اسی وقت گولی ماردی ، گولی ان کے سر ، گردن اور سینے میں لگی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گئیں۔اس واقعہ پر پورے ملک میں رنج و غم کی فضا قائم ہوگئی ہے۔سیاسی رہنماؤں ، صحافیوں اور فلمی دنیا کی مشہور ہستیوں نے اسے گھناؤنا جرم بتایااور عوامی آزادی پر حملہ سے تعبیر کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

شیئر: