Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو ایس اوپن :فیورٹ راجر فیڈرر بھی جیت کی دوڑ سے باہر

 نیویارک: امریکہ میں جاری سال کے آخری گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن میں ایک اور بڑا اپ سیٹ ہوا ہے اور ومبلڈن چیمپیئن اور فیورٹ کھلاڑی ر اجر فیڈرر کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیلپوٹرو سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ،دوسری جانب عالمی نمبر ون اسپین کے رافیل نڈال غیر معروف روسی کھلاڑی کو شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔عام خیال یہی تھا کہ سیمی فائنل میں فیڈرر اور نڈال کا آمنا سامنا ہوگا لیکن اب ڈیلپوٹرو نڈال کے خلاف کورٹ میں اتریں گے۔ جنہوں نے4سیٹس کے مقابلے کے بعد راجر فیڈرر کو ،7-5 ، 3-6،7-6اور6-4 سے شکست دی۔ارجنٹائنی کھلاڑی نے اپنی بہتر سروس اور فورہینڈ شاٹس کے ذریعے سابق چیمپیئن کو نیچا دکھایا۔میچ کے بعد مارٹن کا کہنا تھا وہ شائقین کی جانب سے بھر پور حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں اور انہیں ایسا لگ رہا تھا کہ وہ ہوم کورٹ میں کھیل رہے ہیں۔ قبل ازیں ایک اور کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر ون اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے روس کے 19 سالہ آندرے ربلیوو کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔نڈال نے حریف کھلاڑی کے خلاف بآسانی 6-2،6-1اور6-2سے کامیابی سمیٹی۔دریں اثناءخواتین کے سنگلز مقابلوں میں 4امریکی کھلاڑی سیمی فائنل میں پہنچی ہیں یوں اس ٹورنامنٹ کا فائنل اور سیمی فائنل خواتین سنگلز کی حد تک مکمل امریکی مقابلہ ہوگیا ہے ۔ سیمی فائنلز میں میڈیسن کے اور کوکو وانڈےویگے اور وینس ولیمز اور سلوآنا اسٹیفنز آپس میں مقابلہ کریں گی۔1981کے یو ایس اوپن اور 1985کے ومبلڈن مقابلوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں کسی ایک ملک کی 4خواتین کھلاڑی سیمی فائنلز میں پہنچی ہیں۔

شیئر: