Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج میں پولیس کی انسانیت نوازی

 مدینہ منورہ.... حجاج کرام نے حج 1438ھ کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کابوڑھے حاجیوں سے دعائیں لینا ، ننھے حاجیوں کی دلداری کرنا اور حجنوں کا احترام کرنا کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ ان تاثرات کا اظہار کرنے والوں میں پاکستان، ہندوستان ، مصر ، متحدہ عرب امارات اور مراکش کے حاجی شامل ہیں۔ حجاج کرام نے زیارت، عمرہ اور حج پر آنے والوں کوشاندار خدمات اور سہولتیں مہیا کرنے پر سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کیا۔ مسجد نبوی شریف کی زیارت کیلئے مدینہ منورہ پہنچنے والے ضیوف الرحمان نے سعودی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں حج منصوبے دیکھ کر دل باغ باغ ہوگیا۔ ہندوستانی حاجی محمد مختار خان نے کہاکہ مسجد نبوی شریف سمیت تمام تاریخی اور اہم مساجد کو جس انداز سے بنایا او رسجایا گیا ہے اس پر سعودی عوام اور قائدین ہم سب کی جانب سے شکریہ کے مستحق ہیں۔ ہر جگہ ترقی، سہولتیں اورآسانیاں دیکھنے کو ملیں۔ پاکستان کے حاجی محمد ریاض خان نے کہا کہ سعودی حج خدمات منفرد ہیں۔ ضیوف الرحمان کو مملکت میں قدم رکھنے کے لمحے سے لیکر واپسی تک مطلوبہ رہنمائی، امن و امان کی فضا اورنظم و ضبط دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ مسجد نبوی شریف کے صحنوں میں دیو ہیکل سائبان دھوپ سے بچاتے ہیں۔ فواروں سے فضا خوشگوار رہتی ہے۔ مصری حاجی زکریا علی محمد نے کہاکہ حج موسم کی شاندار کامیابی پر سعودی عرب، اسکے قائدِ اعلیٰ خادم حرمین شریفین شکریہ کے مستحق ہیں۔کینیڈا کے سید سلیم نے کہا کہ پرتپاک خیر مقدم ہو، حجاج سے بات چیت کا انداز ہو یا انہیں مطلوبہ خدمات فراہم کرنے کا معاملہ ہو سب کچھ بہترین ہے۔ اللہ تعالیٰ سعودی عرب اور اسکے باشندوںکو ہمیشہ خیر و برکت سے نوازتا رہے اور کارخیر کی توفیق عطا کرتا رہے۔ایک حاجی احمد بن یوسف نے کہاکہ وہ مسجد نبوی میں نظم و ضبط، کشادہ صحن اور ٹھنڈے آب زمزم کے کولر دیکھ کر ششدر و حیران ہیں۔ صفائی ستھرائی کا معیار دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے حاجیوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہر طرح کی خدمات فراہم کرکے پوری دنیا سے آنے والے مسلمانوں کے دل موہ لئے۔

شیئر: