سعودی عرب میں ’شارک کے ساتھ غوطہ خوری‘ کا ایڈونچر
لائسنس کے اجرا کا مقصد سمندری سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے تحفظ جنگلی حیات نے سعودی میری ٹائم سپورٹس اینڈ ڈائیونگ فیڈریشن کے تعاون سے راس حاطبہ ریزرو میں مملکت کی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا لائسنس جاری کیا ہے۔
اس کے تحت پنجروں کا استعمال کرتے ہوئے محفوظ طریقے سے شارک کے ساتھ غوطہ خوری کا ایڈونچر کیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق لائسنس کا مقصد سمندری سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

اس کے ساتھ سمندر کی دنیا میں دلچسپی رکھنے والوں کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ فطرت اورشارک کا مشاہدہ آزادانہ طور پر اس کے قدرتی ماحول میں کر سکیں۔
واضح رہے راس حابطہ ریزرو کو حال ہی میں سمندری ریزرو قرار دیا گیا ہے جس کے تحت ریزرو میں سمندری سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
قومی مرکز برائے تحفظ جنگلی حیات نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ تمام پروگرام باقاعدہ طور پر ماہرین کی زیرنگرانی منعقد کیے جائیں گے جوعالمی معیار کے مطابق ہوں گے۔
