جازان میں خوشبودار جڑی بوٹیاں سجانے کا قدیم رواج
یہ جڑی بوٹیاں جازان کی قبائلی شناخت بھی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے جنوبی علاقے جازان میں خوشبودار جڑی بوٹیاں سر پرسجانے کا رواج عہد قدیم سے ہے جس پر وہاں کے باسی آج بھی اسی طرح عمل کرتے آرہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عہدِ رفتہ سے اہل علاقہ بالخصوص خواتین اور لڑکیاں اپنے سروں کی اوڑھنیوں کو خوشبودار جڑی بوٹیوں سے سجاتی ہیں۔
یہ جڑی بوٹیاں اسی علاقے کی پیداوار ہیں جو ان کے یہاں خوبصورتی، تازگی اور صداقت کی علامات مانی جاتی ہیں۔
جڑی بوٹیاں جمالیاتی سجاوٹ و بناوٹ مانی جاتی ہیں جو جازان کی قبائلی شناخت بھی ہے۔
وہاں کی خواتین جڑی بوٹیوں کو منتخب کرنے اور انہیں فنکارانہ طریقے سے تربیت دینے میں مہارت کی حامل ہیں جو انہیں وراثت میں ہی ملی ہے۔

عام طور پر سجاوٹ کا یہ طریقہ شادی بیاہ، عید تہوار اور دیگر تقریبات میں خاص طورپر رائج ہے خوشبودار بوٹیوں کو سجاوٹ کے لیے ہی استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ اس کے صحت کے حوالے سے بھی متعدد فوائد ہیں، ان سے اعصاب پرسکون اور احساسات فعال ہوتے ہیں۔
اگرچہ دور حاضر میں سماجی ترقی و روایات میں تبدیلیوں کے باوجود اہل علاقہ آج بھی اس پر اسی طرح سے قائم ہیں جیسا کہ برسوں قبل استعمال کیا کرتے تھے۔
