چشمہ ... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کو چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی۔فور کا افتتاح کر دیا۔340میگا واٹ بجلی نیشنل پاور گرڈ کو سپلائی کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر پلانٹ کو آزمائشی بنیادوں پر چلایا جائے گا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف کے وژن کے مطابق توانائی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔ نومبر2017 کے بعد ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔جوہری توانائی پلانٹس سے سستی بجلی پیدا ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ چشمہ پاور پلانٹ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور دوست ملک چین کی مشترکہ کاوشوں سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔ چشمہ نیوکلیئر پاور پراجیکٹ کے یونٹس سی۔ون، سی۔ٹو اور سی۔تھری کامیابی سے نیشنل گرڈ کو کامیابی سے بجلی فراہم کر رہے ہیں۔ تینوں پاور پلانٹس چینی ٹیکنالوجی کے حامل ہیں۔ 950 میگا واٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کی جا رہی ہے۔ کے ٹو اور کے تھری نیوکلیئر پاور پلانٹس کراچی کے قریب زیر تعمیر ہیں۔ جو 2020ءاور 2021ءمیں آپریشنل ہو جائیں گے۔ ان سے نیشنل گرڈ کو 2200 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔