گیس سے اڑنے والے غبارے میں دیہاتی کی پریشانی
بیجنگ۔۔۔۔۔چین میں ہائیڈروجن گیس سے اڑنے والے غبارے میں ایک دیہاتی 60میل دور جانکلا۔وہ یہ غبارہ اونچے درخت سے پھل توڑنے کیلئے استعمال کیا کرتا تھا لیکن اچانک اس غبارے کی رسیاں ٹوٹ گئیں اوروہ فضامیں بلند ہوگیا۔ وہ توشکر ہے کہ دیہاتیوں نے دیکھ لیا اور پولیس کو اطلاع دی جس نے اس کا پیچھا شروع کردیا اور یوں غبارہ بحفاظت زمین پر اتار لیا گیا۔بعد میں ین لئی نامی شخص کا کہنا تھا کہ پرواز کے دور ان میں نے بادل دیکھے، نیچے جنگل دیکھے تاہم سڑکیں یا دیہات نظر نہیں آئے۔میں نے سمجھ لیا تھا کہ اب میری زندگی ختم ہوچکی ہے۔ یہ سوچ کر میں نے اپنے موبائل فون پر ایک وڈیو پیغام ریکارڈ کردیا ۔میں سمجھ رہا تھا یہ میرے آخری الفاظ ہونگے۔اس کا کہنا تھا کہ اب میں نے زندگی کی حقیقتیں سمجھ لی ہیں۔پولیس نے اسکے پاس موجود موبائل سے رابطہ کیا تھا اور اسے ہدایت دی تھی کہ کس طرح اسے غبارے کو واپس اتارناہے۔