انڈیا جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب دیں گے: وزیراعظم شہباز شریف
جمعرات 5 فروری 2026 11:34
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈیا جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب دیں گے۔
مظفر آباد میں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ ’معرکہ حق‘ میں ذلت آمیز شکست کے بعد انڈیا پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کرا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’معرکہ حق‘ نے انڈیا کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ ’انڈیا جو فرنٹ کھولے گا اس پر کبھی نہ بھولنے والا جواب دیں گے۔‘ وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہوسکتا جب تک انڈیا اپنی ’ناپاک‘ سازشیں بند نہ کر دے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’معرکہ حق‘ سے کشمیر کاز دوبارہ پوری دنیا میں اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ’معرکہ حق‘ میں پاکستان کی فتح اصل میں کشمیریوں کی فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز انڈیا کی دہشت گردی میں ملوث پراکسیز کا بھی وہی حشر کریں گی جو اس کے لڑکا طیاروں کا ہوا، امن چاہتے ہیں لیکن برابری اور انصاف کی بنیاد پر، بھارت جو محاذ کھولے گا اورجس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب ملے گا۔‘
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر و فلسطین کے عوام کو ان کی مرضی سے جینے کا حق ملنا دنیا کی جمہوریت پسندی اور انصاف پسندی کا امتحان ہے، بین الاقوامی قوانین اور اصول اس حق کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان نے اسلامی ممالک کےساتھ مل کر غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے عملی قدم اٹھایا ہے، فلسطین و کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر رہتے ہوئے پاکستان تنازعات کے پائیدار حل کےلئے اپنا فعال و متحرک و عملی کردار ادا کرتا رہے گا۔
قبل ازیں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کے لیے وزیراعظم دارالحکومت مظفرآباد پہنچ گئے تھے۔
مظفر آباد ہیلی پورٹ پر کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور اعلٰی سرکاری حکام نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
