Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دارالافتاء مملکت بھر میں مفتی خواتین تعینات کرے ، مجلس شوریٰ

ریاض .... سعودی مجلس شوریٰ نے دارالافتاء سے مطالبہ کیا ہے کہ مملکت بھر میں مفتی خواتین تعینات کی جائیں ۔ یہ مطالبہ پیر کو صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیر صدارت 49ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔دارالافتاء سے کہا گیا کہ وہ شرعی علوم کی ماہر خواتین کی خدمات اسلامی تحقیق کے کاموں میں حاصل کرے ۔ خود با اختیار زنانہ شعبے کھولے ۔ اہل خواتین کو بحیثیت مفتی مملکت کے مختلف علاقوں میں مقرر کرے ۔ انہیں مادی اور افرادی وسائل بھی مہیا کئے جائیں ۔ مجلس شوریٰ نے دارالافتاء سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ سعودی کابینہ کی جانب سے منظور شدہ انتظامی ڈھانچے میں ضروری اسامیاں جاری کرے ۔ مملکت کے دیگر علاقوں میں مفتی حضرات کی تقرری کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔ معاون صدر شوریٰ ڈاکٹر یحییٰ الصمعان نے اجلاس کے بعد واس کو بتایا کہ پیر کے اجلاس میں ارکان شوریٰ نے دارالافتاء سے متعلق سالانہ رپورٹ پر اعتراضات اور افکار و خیالات پر بحث کی ۔شوریٰ نے مملکت بھر میں فتویٰ کے عمل کو منظم کرنے پر زور دیا ۔اسی کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا کہ دارالافتاء کے ماتحت سعودی لائبریری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے مطلوب بجٹ منظور کیا جائے ۔ شوریٰ میں دیگر موضوعات بھی زیر بحث آئے۔

شیئر: