Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو پر پابندی ختم، ریئل میڈرڈ کو فتح دلا دی

میڈرڈ:چیمپیئنز لیگ کی چیمپیئن ٹیم ریئل میڈرڈ نے نئے سیزن میں اپنے اعزاز کے دفاع کیلئے مہم کا کامیابی سے آغاز کرتے ہوئے قبرص کے کلب ایپوئل کے خلاف 0-3سے کامیابی حاصل کرلی۔میچ میں پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے2گول کئے ۔ رونالڈو 5میچوں کی پابندی کی سزا کے بعد پہلے میچ میں انٹری دے رہے تھے۔ لیگ میں گروپ ایچ کی ایک اور ٹیم ٹوٹنہم ہاٹسپر نے بھی اپنا میچ جیت لیا اور جرمن کلب بورشیا ڈورٹمنڈ کو1-3سے ہرایا۔گروپ ایف میں انگلش کلب مانچسٹر سٹی نے ہالینڈ کے کلب فینورڈ کے خلاف 4-0سے فتح سمیٹ لی۔ رونالڈو نے اپنی ٹیم کو قبرصی چیمپیئن کلب کے خلاف میچ کے 12ویں منٹ میں برتری دلائی جسے سرگیو راموس نے ڈی میں شاندار اوورہیڈ کک کے ذریعے دگنا کر دیا تھا۔ اسپین کے ڈومیسٹک مقابلوں میں5میچوں کی پابندی کے بعد واپس آنے والے رونالڈو نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے اس برتری کو مزید مستحکم کیا تاہم قبرصی کلب کوشش کے باوجود ہسپانوی کلب کے دفاعی حصار کو نہ توڑ سکا اور یکطرفہ مقابلے میں ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔گروپ کے ایک اور میچ میں انگلش کلب ٹوٹنہم ہاٹسپر نے مضبوط جرمن حریف بورشیا ڈورٹمنڈ کے خلاف شاندار کامیابی سے حریفوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی۔ہیری کین نے2 گول کے ذریعے اس فتح میں اپنا حصہ ڈالا۔ یہ ویمبلے اسٹیڈیم میں کین کے پہلے گول بھی تھے۔سون ہینگ نے چوتھے ہی منٹ میں ٹیم کو برتری دلادی تھی جسے جلد ہی برابر کر دیا گیا تاہم ہیری کین نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کا پلہ بھاری کردیا۔اس کے ٹوٹنہم نے مزید2گول کرکے کامیابی یقینی بنادی۔لیگ کے گروپ ایف میں مانچسٹر سٹی نے ڈچ کلب کو اس کے ہوم گراونڈ پر بڑی شکست سے دوچار کیا۔روٹر ڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران جان اسٹونز نے2گول کئے جبکہ ایک ایک گول سرگیو ایگیرو اور جیسس گیبریئل کے حصے میں آیا۔ چیمپیئنز لیگ میں پہلی مرتبہ مانچسٹر سٹی نے اتنا اچھا آغاز کیا ہے۔

شیئر: