Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈین ٹیم کا نومبر میں دورہ پاکستان کا اعلان

 
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم رواں سال نومبر میں 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ الیون کے میچز دیکھنے کیلئے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون کو دعوت دی تھی تاکہ وہ 14 رکنی اسکواڈ کے دورے کے سلسلے میں کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے سکیں۔چیئرمین پی سی بی نے پاکستان آمد پر ڈیو کیمرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈین بورڈ کے سربراہ کی آمد سے ویسٹ انڈین ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔انہوں نے کہا کہ رواں سال نومبر میں ویسٹ انڈین ٹیم 3 ٹی20 میچوں کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی تاہم میچز کن شہروں میں منعقد کئے جائیں گے، اس کاابھی فیصلہ نہیں ہو سکا۔یاد رہے کہ مارچ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور 8 سال کے دوران زمبابوے کے علاوہ کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا لیکن ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ بھی کہہ چکا ہے کہ اگر وہ ورلڈ الیون کو فراہم کئے گئے سیکیورٹی انتظامات پر مطمئن ہوتے ہیں تو ایک ٹی20 میچ کیلئے ٹیم پاکستان بھیجیں گے۔

شیئر: