Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجم سیٹھی 3سال کےلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ چیئر مین منتخب

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں، ان کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔ قبل ازیں شہریار خان اس عہدہ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران پی سی بی کے نئے چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز میں شامل 9 ممبران اجلاس میں موجود تھے جن کے ووٹ کے ذریعے نئے چیئر مین کا انتخاب ہونا تھا تاہم تاہم نجم سیٹھی کے مقابلے میں کوئی اور امیدوار موجود نہیں تھا یوں وہ کسی مقابلے کے بغیر یہ عہدہ سنبھالنے میں کامیاب ہو گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نجم سیٹھی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ انتخاب کے بعد انہوں نے گورننگ بورڈ کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اس موقع پر نجم سیٹھی نے گورننگ بورڈ ے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے ان پرجس اعتماد کا اظہار کیا وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ نئے چیئر مین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کےلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔نجم سیٹھی اس سے پہلے بھی چیئرمین پی سی بی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ شہریار خان کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ان کا انتخاب ہوا ہے ۔وہ 3 سال کےلئے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بنائے گئے ہیں۔ پی سی بی کے نئے گورننگ بورڈ میں 4 ڈپارٹمنٹس یونائیٹڈ بینک، حبیب بینک، واپڈا اور سوئی سدرن گیس کمپنی جبکہ ریجنز میں لاہور، سیالکوٹ، کوئٹہ اور ایڈہاک کا شکار فاٹا شامل ہیں۔ پی سی بی کے نئے سربراہ کے انتخاب کیلئے نئے گورننگ بورڈ کے چند ارکان پہلے ہی لاہور پہنچ چکے تھے جبکہ کچھ ارکان بدھ کی صبح اجلاس میں شرکت کیلئے صوبائی دارالحکومت پہنچے۔

شیئر: