Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کیلئے 18کرکٹرز کا انتخاب

 لاہور:سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ منگل سے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔سیریز کے لئے منتخب کھلاڑیوں میں اکثر نے پیر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کر دی ہے اور ان میں بعض کھلاڑی آج این سی ا ے پہنچیںگے۔ سری لنکا کیخلاف یواے ای میں سیریز کے تربیتی کیمپ کیلئے 18کرکٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سرفراز احمد، اظہر علی، شان مسعود، احمد شہزاد، سمیع اسلم، بابراعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف، میرحمزہ، محمد عامر، محمد عباس، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے سب سے کامیاب ٹیسٹ بیٹسمین اور سابق کپتان اظہر علی کے بارے میں اطلاع ہے کہ وہ پوری طرح فٹ نہیں تاہم یہ امید کی جارہی ہے کہ سیریز کے آغاز سے قبل وہ فٹنس حاصل کرلیں گے۔ تربیتی کیمپ 19 ستمبر سے 23 ستمبر تک قذافی اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔ اس کے دوران کھیل کے مختلف شعبوں میں کرکٹرز کی خامیاں دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔سلیکشن کمیٹی اور ٹیم نتظامیہ کے لئے ٹیسٹ اوپنرز کی مستقل جوڑی بیٹنگ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی تشویش اور پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ فیلڈنگ کا شعبہ بھی کوچنگ ٹیم اور خاص طور پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے لئے خصوصی طورپر دلچسپی کا مرکز ہوگا۔ گزشتہ ہفتے وہ کہہ چکے ہیں کہ کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ابتدائی عرصے میں پاکستانی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ ان کے لئے ڈراﺅنا خواب بنی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز 28ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی جس میں دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گی۔ اس سیریز کے مختصر فارمیٹ کا آخری میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھی کھیلا جائے گا۔

شیئر: