Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت ،گئو رکشا کے نام پر تشدبند کرائے،سپریم کورٹ

نئی دہلی ۔۔۔۔۔۔۔ملک بھر میں گئو رکشا کے نام پر جا ری لنچنگ (ہجومی تشدد) پر سپریم کورٹ نے سخت رخ اختیار کرتے  ہوئے تشدد کے لئے براہ راست ریاستی حکومتوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔سپریم کورٹ نے کہا کہ لنچنگ کو روکنے کی ذمہ داری پوری طرح سے ریاستی حکومتوں کی ہے اس لئے براہ راست ریاستوں کے لئے حکم جاری کیا جائے گا کہ وہ گئو رکشا کے نام پر ہو رہی غنڈہ گردی کو روکیں۔ سپریم کورٹ نے ریاستوں سے ہجومی تشدد کے متاثرین کو معاوضہ بھی دینے کا حکم دیا ہے۔معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے تمام ریاستوں سے رپورٹ طلب کی ہےاور ریاستوں کو نوٹس جاری کر کے جواب داخل کرنے کے لئے 31 اکتوبرتک کا وقت دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس معاملہ میں گجرات، راجستھان، جھارکھنڈ، کرناٹک اور اتر پردیش نے اپنی رپورٹ داخل کر دی ہے۔پہلو خان کے قتل کے معاملہ میں سماعت کرتے ہوئے عدالت نے یہ بھی کہا کہ ایسے معاملات میں متاثرین کو معاوضہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ تمام ریاستیں گئورکشا کے نام پر تشدد کا نشانہ بننے والوں  کو معاوضہ فراہم کریں۔ اس سے قبل سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ٹاسک فورس تشکیل دینے اور ہر ضلع میں ایک سینئر پولس افسر کو بطور نوڈل آفیسر تعینات کرنے کی ہدایت دی تھی۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ افسران کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے ضلع میں گئو رکشک گروہ گایوں کی حفاظت کے نام پر قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ آج کی سماعت میں سپریم کورٹ سبھی ریاستوں سے ٹاسک فورس کی تشکیل پر اپنی رپورٹ داخل کرنے کو کہا۔ معاملہ کی اگلی سماعت 31 اکتوبر کو ہوگی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں