Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہماری ٹیم مضبوط‘ ہے، ٹرمپ کی ٹی20 ورلڈ کپ میں شریک امریکی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی

امریکہ اپنے پہلے میچ میں انڈیا سے ہار چکا ہے (فوٹو: سپورٹس زونز)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئی سی سی ٹی20 میں شامل امریکہ کی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک مضبوط ٹیم ہے اور پوا ملک اس کے ساتھ ہے۔
 اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ’مجھے ابھی پتہ چلا ہے کہ انڈیا میں ورلڈ کپ شروع ہو گیا ہے، میں امریکہ کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ ہمارے پاس ایک مضبوط ٹیم ہے اور پورا امریکہ آپ کے ساتھ ہے۔‘
امریکہ کی ٹیم اس برس ٹی20 ورلڈ ایونٹ میں شامل ہونے میں کامیاب ہوئی ہے جو کہ مشترکہ طور پر انڈیا اور سری لنکا میں ہو رہا ہے۔
امریکی کی کرکٹ ٹیم کم عرصے میں ہی میدانوں میں اپنی ساکھ بنانے میں کامیاب رہی ہے اور پچھلے ورلڈ کپ میں اس نے 2009 کے چیمپیئن پاکستان اور اس وقت کے فیورٹ انڈیا کو انتہائی ٹف ٹائم دیا تھا۔
اگرچہ اچھی کارکردگی دکھانے کے باوجود بھی امریکی ٹیم انڈیا سے ہار گئی تھی تاہم پورے ایونٹ میں مضبوط حریف کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔
ٹی ٹوینٹی 2026 کے اب تک ہونے والے میچوں میں انڈیا امریکہ اور پاکستان نیدرلینڈز کو ہرا چکا ہے جبکہ ویسٹ انڈیا کولکتہ میں ہونے والا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف جیت چکا ہے۔
امریکہ کی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے جس میں پاکستان، انڈیا، نیدرلینڈز اور نیمبیا کی ٹیمیں موجود ہیں۔
امریکہ کو اب ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ مرحلے تک پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں کے علاوہ پاکستان کو بھی شکست دینا ہو گی۔
ایونٹ کے سب سے اہم سمجھے جانے والے انڈیا اور پاکستان کے درمیان میچ کے حوالے سے ابھی فضا کلیئر نہیں ہے کہ وہ ہو گا یا نہیں۔
خیال رہے 20 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا آغاز پہلے ہی سیاسی کشیدگی کے سائے میں ہوا جب بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث انڈیا میں کھیلنے سے انکار کیا جس کے بعد اسے سکاٹ لینڈ سے تبدیل کر دیا گیا۔

 


پاکستان نے انڈیا میں میچ کھیلنے کا بائیکاٹ کر رکھا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس فیصلے کے خلاف احتجاجاً پاکستان نے گروپ اے میں میزبان انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
اگر پاکستان یہ میچ نہیں کھیلتا ہے تو اسے دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا جبکہ نیٹ رن ریٹ کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
پاکستان نے سنیچر کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی تھی۔
دوسری جانب انڈین کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا ہے کہ ’انڈین ٹیم کولمبو میں شیڈول میچ کے لیے سفر کرے گی۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان گزشتہ ایک دہائی سے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی، دونوں ٹیمیں صرف عالمی یا علاقائی ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں۔

شیئر: