Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روڈ لیور کپ:فیڈرر نے ٹیم یورپ کو فتح دلادی

پراگ: راجر فیڈرر نے اپنے تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے روڈ لیور کپ کے آخری سنگلز میچ میں ٹیم ورلڈ کے آسٹریلوی کھلاڑی نک کیرگیوس کو شکست دے کر ٹیم یور پ کو 9-15سے فتح دلا دی ۔سابق ٹینس کھلاڑی جارج روڈنی لیور کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے منعقد کیا جانے والا پہلا ٹورنامنٹ یورپ کی ٹیم نے جیت لیا۔ اس ٹورنامنٹ میں پہلی مر تبہ راجر فیڈرر اور رافیل نڈال ایک ٹیم کا حصہ اور انھوں نے ڈبلز مقابلہ میں جوڑی بن کر کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔ٹورنامنٹ کے آ خری سنگلز میں نک کیرگیوس نے فیڈرر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں آسانی سے نہیں جیتنے دیا۔آسٹریلوی اسٹار نے پہلا سیٹ جیت لیا تھا تاہم فیڈرر نے حواس بحال رکھے اور میچ پوائنٹ بچاتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔یورپی ٹیم کو ورلڈ ٹیم پر 12-9کی برتری حاصل تھی تاہم اس میچ کی اہمیت کے پیش نظر یورپی ٹیم کےلئے اسے جیتنا ضروری تھا بصورت دیگر پوائنٹس برابر ہو نے کی وجہ سے فیصلے کےلئے ڈبلز مقابلے کی ضرورت پڑتی لیکن فیڈرر نے اس کی نوبت نہیں آنے دی۔انہوں نے نک گرگیوس کے خلاف4-6،7-6اور11-9سے فتح سمیٹی ۔اس میچ کے دوران رافیل نڈال اپنے روایتی حریف فیڈرر کی کامیابی کے لئے بہت بیتاب نظر آئے اور ان کی کامیابی پر نعرے لگاتے ہوئے ان سے لپٹ گئے۔ اس صورتحال کو دیکھ کر یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ دونوں ہمیشہ ایک دوسرے کے خلاف کورٹ میں اترتے رہے ہیں۔

شیئر: