ریاض: سیزن کا دوسرا مہنگا پیریگرین فالکن تین لاکھ 60 ہزار ریال میں فروخت
نیلامی میں فالکنری کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں نیشنل سینٹر فار فالکنز آکشن 2026 میں 23 ویں رات تین پیریگرین فالکن مجموعی طور پر 5 لاکھ 20 ریال میں فروخت کیے گئے۔
ایس پی اے کے مطابق نیلامی میں فالکنری کے شوقین افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ ایونٹ 30 نومبر تک جاری رہے گا۔
پہلے فالکن کی بولی ڈیڑھ لاکھ ریال سے شروع ہوئی اسے تین لاکھ 60 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا۔ یہ اس سال فروخت کیے جانے والا دوسرا مہنگا فالکن ہے اس سے قبل املج سے پکڑے جانے والا ایک فالکن تین لاکھ 75 ہزار ریال میں نیلام کیا گیا تھا۔
دوسرا ینگ پیریگرین فالکن 71 ہزار ریال جبکہ تیسرا فالکن 89 ہزار ریال میں میں نیلام کیا گیا۔
یہ نیلامی مملکت میں نقل مکانی کے دوران پکڑے جانے والے ینگ پیریگرین فالکنز تک محدود رہی۔ پورے سیزن کے دوران نیشنل سینٹر فار فالکنز کی جانب سے مقامی فالکن ٹریپرز کو لاجسٹک مدد فراہم کی جاتی ہے۔

یہ سینٹر مملکت میں پکڑے گئے فالکنز کو وصول کرتا ہے اور ان کی نیلامی کا اہتمام کرتا ہے۔سعودی عرب میں ہر سال اکتوبر کی آمد کے ساتھ حدود الشمالیہ میں فالکنری کے شوقین افراد فالکنز کے شکار کے سیزن کا انتظار کرتے ہیں۔ اس سیزن کو ’الطرح‘ کہا جاتا ہے۔
یہ نیلامی صرف سعودی عرب کے اندر سے پکڑے گئے ینگ پیریگرین فالکنز کو ہی قبول کرتی ہے جبکہ بالغ پیریگرین اورسیکر کو شامل نہیں کیا جاتا تاکہ ان کی تعداد کو برقرار رکھا جا سکے اور ان کی نسل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
