Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان علاقائی کانفرنس میں شرکت کے لیے وزیر انڈیا بھیجے گا

وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ’تہذیبی مکالمے‘ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستان نےاعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے ایک علاقائی کانفرنس میں شرکت کے لیے اپنا وزیر انڈیا بھیجے گا۔
گزشتہ سال دونوں حریف ملکوں کے درمیان چار روزہ فوجی تصادم کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہوگا۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ’تہذیبی مکالمے‘ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مصدق ملک کا یہ دورہ مئی 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس وقت پاکستان کے سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈین شہر گوا میں ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
مئی 2025 میں کشمیر میں مسلح افراد کے حملے میں دو درجن سے زائد سیاحوں، جن میں اکثریت ہندوؤں کی تھی، کی ہلاکت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان چار روز تک خونریز جھڑپیں جاری رہیں۔
نئی دہلی نے اس حملے میں اسلام آباد پر معاونت کا الزام عائد کیا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کر دیا۔
اس حملے کے بعد دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے خلاف سفارتی اقدامات کیے، جو بعدازاں میزائلوں، ڈرونز اور توپ خانے سے شدید حملوں کے تبادلے میں تبدیل ہو گئے۔ اس تصادم میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ ’حکومتِ پاکستان باہمی احترام کے جذبے کے تحت ایس سی او کے پلیٹ فارم پر تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔‘

شیئر: