سعودی عرب اور پاکستان سمیت اٹھارہ ملکوں کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے شہر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی جس میں مریضوں اور طبی عملے کے ارکان کی اموات ہوئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق مشترکہ بیان میں اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا جو طبی مراکز اور ہیلتھ کیئر ورکرز کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
جی سی سی کا غزہ میں ہسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمتNode ID: 910390
سعودی عرب، پاکستان، مصر، سوڈان، اردن، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، فلسطین، الجزائر، موریطانیہ، ترکیہ، لیبیا، جبوتی، صومالیہ، لبنان اور عمان کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں فلسطینی شہریوں، خصوصاً بے گھر افراد کے خیموں اور پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ایسے حملے جنگ بندی اورغزہ میں سلامتی و استحکام کی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے سے مطابقت نہیں رکھتے۔
وزرائے خارجہ نے انسانی امداد، خیموں، عارضی گھروں اور طبی سامان کی فراہمی پر اسرائیلی پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ موسم سرما کے قریب آنے کے ساتھ یہ پانبدیاں انسانی بحران کو مزید گہرا کررہی ہیں۔
شیلٹرز کی کمی، پانی، صفائی اور صحت کی سہولتوں کی بگڑتی صورت حال شہریوں خصوصاً بچوں اور نوزائید بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال رہی ہے جو ایک مرتبہ پھر منفی درجہ حرارت کے باعث موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔

وزرائے خارجہ نے اسرائیل پر زور دیا کہ ’وہ بین الاقوامی برادری اور بورڈ آف پیس کی اپیلوں پر توجہ دیے، امداد کی ترسیل بڑھائے، شرم الشیخ معاہدے، صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 (2025) کے تحت اپنی ذمہ داریاں فوری اور مکمل طور پر پوری کرے۔‘
ان کا کہنا تھا ’اسرائیل جنگ بندی کا احترام ، شہریوں اور طبی مراکز کا تحفظ کرے۔ پناہ گاہوں اور انفرا سٹرکچر کی بحالی کے لیے درکار سامان سمیت انسانی امداد کی محفوظ، مسلسل اور بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائے۔ اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی تنظیموں کو کسی رکاوٹ کے بغیر کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔‘
وزرائے خارجہ نے کہا ’معاہدے کے پہلے مرحلے کی ذمہ داریاں جو دستخط کے ساتھ نافذ ہونا تھیں۔ اسرائیل کو انہیں مزید تاخیر یا سیاسی و سکیورٹی شرائط کے بغیر پورا کرنا چاہیے۔‘

مشترکہ بیان میں امریکہ اور بورڈ آف پیس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اپنے کردار میں اسرائیل سے ان ذمہ داریوں کے مکمل نفاذ اور انسانی امداد کی ترسیل پر تمام پابندیوں کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں تیز کریں۔
اٹھارہ ملکوں کے وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کران معاہدوں کی ساکھ کو برقرار رکھتے ہوئے جنگ بندی مستحکم کرنے، منصوبے کے تمام مراحل پر عمل درآمد اور فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے انسانی امداد میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔











